اردو

urdu

ETV Bharat / state

گیا : پروفیسر جاوید علی کی یاد میں تعزیتی نشست - مرزا غالب کالج گیا

مرزا غالب کالج گیا کے شعبہ اردو میں دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر علی جاوید کی تعزیت میں ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں شعبہ اردو، فارسی اور ہندی کے اساتذہ نے شرکت کی۔

پروفیسر جاوید علی کی یاد میں تعزیتی نشست منعقد ہوئی
پروفیسر جاوید علی کی یاد میں تعزیتی نشست منعقد ہوئی پروفیسر جاوید علی کی یاد میں تعزیتی نشست منعقد ہوئی

By

Published : Sep 3, 2021, 7:01 PM IST

ریاست بہار کےضلع گیا میں واقع مرزاغالب کالج گیا میں پروفیسر علی جاوید کی یاد میں تعزیتی نشست منعقد ہوئی۔ جس میں کالج کے اساتذہ شریک ہوئے اور علی جاوید کی ادبی وسماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مرزا غالب کالج گیا کے شعبہ اردو میں دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر علی جاوید کی تعزیت میں ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں شعبہ اردو، فارسی اور ہندی کے اساتذہ نے شرکت کی۔ اظہار تاثرات پیش کرنے والوں نے کہا کہ پروفیسر علی جاوید کی رحلت سے ملک و بیرون ملک میں مقیم ہزاروں محبان اردو میں غم کا ماحول ہے۔

اس تعزیتی نشست میں صدر شعبہ اردو ڈاکٹر نشاط فاطمہ نے کہا کہ یہ اردو دنیا کے لئے ایک ایسا خسارہ ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ان کی خدمات ہزاروں طلبہ و طالبات کے لیے مشعل راہ کا کام کریں گی۔

ڈاکٹر اکرم وارث نے پروفیسر علی جاوید سے دہلی میں اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف آپ ایک اچھے استاد تھے بلکہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ نہایت ہی خندہ پیشانی کے ساتھ طالب علموں سے ملاقات کرتے تھے اور ممکن حد تک ان کی پریشانیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

ابو حذیفہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ صرف ادبی دنیا کے ہی جانباز سپاہی نہیں تھے بلکہ غریبوں اور کمزوروں کے حق کے لیے حکومت کی غلط پالیسیوں کو نشانہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ تے تھے، عملی زندگی کی بے لوث خدمات کے لئے دنیا انہیں ہمیشہ یاد کرتی رہے گی۔

شعبہ فارسی کے استاد ڈاکٹر شبیر عالم نے کہا کہ وہ ایک منکسر المزاج شخصیت کے حامل تھے ایسی شخصیتیں شاذو نادر ہی جنم لیتی ہیں۔

شعبہ اردو کے استاد ڈاکٹر احسان اللہ دانش نے ان کی ادبی خدمات کا جائزہ پیش کیا ۔ڈاکٹر نکہت تبسم اور ڈاکٹر شفقت رانا نے کہا کہ پروفیسر علی جاوید نے اردو دنیا کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں انہیں آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔

شعبہ ہندی کے استاد ڈاکٹر ابرار خان، ڈاکٹر نصرت جہاں اور ڈاکٹر ضیاء الرحمن جعفری نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ اردو ادب سے تعلق کی وجہ سے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم ان کی خدمات کا ہندی زبان میں بھی ترجمہ کریں تاکہ یہ بیش قیمتی سرمایہ ہندی کے قارئین تک بھی پہنچ سکے۔اس نشست میں دیگر شعبوں کے اساتذہ نے بھی شرکت کی اور پروفیسر علی جاوید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details