نماز جنازہ میں انسانی سَروں کا سمندر نظر آ رہا تھا۔ مولانا مرحوم کے صاحب زادے 'حامد ولی فہد رحمانی' کی اجازت سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے نماز جنازہ پڑھائی۔
گذشتہ روز انتقال کے بعد مولانا ولی رحمانیؒ کا جسد خاکی پٹنہ کے پارس ہسپتال سے ان کے آبائی وطن اور مونگیر میں واقع 'خانقاہ رحمانی' لایا گیا۔ مولانا ولی رحمانی گذشتہ کئی دنوں سے کافی علیل تھے۔
ان کے قریبیوں کا کہنا ہے کہ دورانِ علالت بھی وہ قوم و ملت کی ترقی و بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے حسب معمول متفکر اور بے چین تھے۔ یہاں تک کہ انہوں نے اسی حالت میں نائب امیر شریعت کے خالی عہدے کو استاذ دارالعلوم وقف دیوبند مولانا شمشاد رحمانی کی نامزدگی سے پُر کیا۔
نماز جنازہ میں حضرت مولانا خالد غازی پوری (ندوۃ العلماء لکھنو)، نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی، حضرت مولانا عمرین محفوظ رحمانی، ایم آئی ایم کے ریاستی صدر اختر الایمان، مولانا سعود عالم ندوی (رکن اسمبلی ٹھاکر گنج) وغیرہ موجود تھے۔