پٹنہ : جامعہ جمہوریہ محی العلوم کے سکریٹری و بہار سنی وقف بورڈ پٹنہ کے ضلعی صدر عبدالباقی صدیقی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نامور علماء کرام و دانشوران کی سرپرستی میں شاہین گروپ ملک بھر کے عصری تعلیم سے بالکل نابلد 5000 حفاظ و عالم لڑکے اور لڑکیوں کو مفت تعلیم مع قیام و طعام فراہم کرے گا۔ جس کی مدت 18 مہینے کی ہوگی۔ اسی منصوبہ کے تحت شاہین گروپ نے بہار کے ارئی گاؤں جامعہ جمہوریہ محی العلوم دربھنگہ میں مدارس سے فارغ حفاظ کرام کے لیے خصوصی طور پر شاخ کھولنے کی منظوری دے دی ہے جس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ بہار کے ان علاقوں میں جاکر بھی شاہین گروپ بچوں کو تعلیم سے جوڑنے کا کام کر رہی ہے۔
عبدالباقی صدیقی نے کہا کہ ہم لوگوں کی شروع سے خواہش تھی کہ ہمارے بہار میں بھی مدرسہ پلس کی طرز پر کوئی ایسا ادارہ قائم ہو جس سے حفاظ کرام کی صلاحیت کو ایک رخ مل سکے۔ اس کام کو شاہین گروپ کے چیئرمین عبدالقدیر نے محسوس کیا اور ان کی ہی ایماء پر دربھنگہ میں اس کی شاخ کھولنے کی منظوری دی۔ شاہین گروپ کا مقصد ملک بھر میں دس ہزار سے زائد حفاظ کرام کو عصری علوم سے جوڑنا ہے تاکہ وہ عصری علوم سے بھی آراستہ ہو سکیں۔