بہار کے ضلع بھاگلپور میں واقع ایک یتیم خانہ کے ناظم حافظ منت اللہ انصاری کافی تذبذب میں ہیں کیونکہ لاک ڈاؤن کے باعث بگڑتی معاشی حالت سے یتیم خانہ میں تعلیم حاصل کرنے والی سینکڑوں بچیوں کے اخراجات میں انھیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یتیم خانہ میں بچیوں کے اخراجات کے لیے ذمہ داران رمضان کے دنوں میں ہی چندہ کیا کرتے تھے اور رمضان میں ہونے والے چندہ سے سالانہ اخراجات پورے کیے جاتے تھے لیکن اس دفعہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے چندہ نہیں ہو سکا ہے ایسے میں یتیم خانہ کا نظام کیسے چلے گا یہ تشویش کی بات ہے۔
لاک ڈاون کے سبب مدارس ویتیم خانے بھی مالی تنگی کا شکار اسی طرح برہ پور کی سو سالہ قدیم جامع مسجد میں ایک مدرسہ بھی جاری ہے جہاں 35 بچے زیر تعلیم ہیں لیکن ان بچوں کا خرچ کہاں سے پورا ہوگا یہ سوچنے کا وقت ہے کیونکہ مدرسے کا 90 فیصدی چندہ ماہ رمضان میں ہی ہوا کرتا تھا۔
اس مسئلہ پر بھاگلپور کی معروف شخصیت اور جامع مسجد بھیکن پور کے امام مولانا نسیم نے اپیل کی ہے کہ اہل ثروت حضرات انٹرنیٹ کے اس دور میں براہ راست مدارس کے کھاتوں میں پیسے ارسال کریں تاکہ مدارس کے تعلیم و تعلم کے نظام پر کسی طرح کا اثر نہ پڑے۔
اگر لاک ڈاؤن کی مدت میں تین مئی کے بعد بھی توسیع ہوتی ہے تو مدارس کے ذمہ داران کے لیے مزید پریشانی ہوسکتی ہے۔ جیسا کہ سبھی لوگ واقف ہیں کہ غریب مسلمانوں کے بچے بڑی تعداد میں ملک بھر میں پھیلے مدارس میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور یہ مدارس عوامی چندے ہی سے چلتے ہیں لہذا مالی تنگی کی وجہ سے مدارس کے نظام پر کوئی اثر پڑتا ہے تو بہت سے بچے تعلیم و تربیت سے محروم ہوسکتے ہیں۔ جس طرف اہل خیر حضرات کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہوگی۔