ارریہ: امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی کی ہدایت پر امارت شرعیہ کا چھ رکنی وفد قاضی شریعت حضرت مولانا مفتی عتیق اللہ رحمانی کی قیادت میں آج ارریہ کے جوکی ہاٹ بلاک کے چکئی گاؤں پہنچا ہے۔
جہاں گزشتہ 26 جون کی رات ایک نوجوان اسماعیل ولد محمد شعیب کی بے رحمی سے پٹائی کی گئی تھی جس کے سبب اسماعیل کی موت ہسپتال میں علاج کے دوران ہوگئی تھی۔
امارت شرعیہ کے وفد نے ہلاک اسماعیل کے والد شعیب عالم اور مقامی لوگوں سے تعزیتی کلمات کے درمیان معاملے کی مکمل جانکاری لی۔
اس دوران مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسماعیل بجلی مستری تھا، وہ ایک محنتی اور صاف کردار کا نوجوان تھا، کبھی اس کے خلاف چوری وغیرہ کی شکایت درج نہیں ہوئی تھی جیسا کہ قاتلوں نے الزام لگایا ہے اور بعض خبریں شائع کی گئی ہیں۔
ہلاک شدہ کے والد نے قاضی عتیق اللہ رحمانی سے بتایا کہ 26 جون کی درمیانی شب کو اسماعیل گھر میں اکیلا تھا، اس دوران پڑوس کے علاقے کے رہائشی بجلی ٹھیک کرنے کے بہانے بلا کر لے گئے اور رات بھر اس کے ساتھ دونوں کے علاوہ متعدد لوگوں نے مارپیٹ کی۔