گیا:بہار سنی وقف بورڈ اپنے ماتحت مدرسہ شمس الہدیٰکی ساڑھے تین کٹھا زمین میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کے لیے دے گا۔ اس کے لیے بورڈ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے حالانکہ اس کی مخالفت بھی ہو رہی ہے، بہار اسٹیٹ مدرسہ اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے اس کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ وقف ایکٹ کے تحت وقف کی گئی کسی املاک کو فروخت اور ٹرانسفر نہیں کیا جا سکتا ہے۔ مدرسہ شمس الہدیٰ کی اپنی ایک تاریخ ہے، پہلے سے مدرسہ شمس الہدیٰ خستہ حالت میں ہے اور اب اس کی زمین کو کسی کو دے دیا جارہا ہے، جس کو خود کسی نے وقف کیا ہے۔ دراصل اشوک راج پتھ سائنس کالج کے پاس پلیٹ فارم بنانے کے لیے میٹرو آس پاس کی زمین کی حصول یابی کو یقینی بنا رہا ہے۔ مدرسہ شمس الہدیٰ کا سنہ 1912 میں قیام عمل میں آیا تھا، جسٹس سید نور الہدیٰ نے اپنے والد سید شمس الہدیٰ کی یاد میں اس مدرسہ کو قائم کیا تھا اور ساتھ ہی انہوں نے کروڑوں کی زمین وقف کر دی تھی تاکہ مسلم بچوں کو معیاری تعلیم دی جا سکے۔
پٹنہ میں مدرسہ شمس الہدیٰ کی زمین میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کے لیے دی جائے گی یہ بھی پڑھیں:
Notification For MA Urdu Exam مگدھ یونیورسٹی نے ایم اے اردو کے امتحان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
ریاست بھر سے غریب مسلم طلبہ اس ادارے کا حصہ رہے ہیں۔ جنہوں نے مفت میں تعلیم حاصل کی اور ان کی کفالت مدرسہ نے کیا، حالانکہ مدرسہ کی زمین میٹرو کو دیے جانے کے عوض میں کتنا معاوضہ ملے گا؟ یا اس کے بدلے میں بہار حکومت زمین دے گی یا پھر وقف بورڈز زمین کو عطیہ کردے گا۔ اس پر بورڈ عہدہ داروں کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ جس سے لوگوں میں شک اور بڑھ گیا ہے البتہ سنی وقف بورڈ کے لیٹر میں یہ ضرور کہا گیا ہے کہ اصول کے مطابق معاوضہ دیے جانے کی شرط پر زمین دی جائے گی۔ وہیں مدرسہ شمس الہدیٰ کی زمین میٹرو کو دیے جانے کی کچھ لوگوں کی طرف سے مخالفت کی جا رہی ہے تو کچھ لوگوں نے تنازع کو ختم کرنے کا راستہ بھی بتایا ہے۔ سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر اظہار احمد نے کہا ہے کہ میٹرو کو جب ہماری زمین دی جا رہی ہے تو تنازع اس طرح ختم کیا جا سکتا ہے کہ ساڑھے تین کٹھے زمین پر تعمیر ہونے والے میٹرو اسٹیشن کا نام شمس الہدیٰ صاحب مرحوم کے نام پر کیا جائے اور کچھ غریب لوگوں کو اس میں ایڈجسٹ کیا جائے۔