پٹنہ: راشتریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے منی پور تشدد کو لے کر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے جموں و کشمیر میں بہادر فوجیوں کی شہادت اور ملک میں چین کی دراندازی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آر جے ڈی سپریمو اور بہار کے سابق وزیر اعلی لالو یادو نے ٹویٹ کیا کہ منی پور جل رہا ہے۔ ہمارے بہادر سپاہی جموں و کشمیر میں شہادتیں دے رہے ہیں لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ الیکشن کی مہم میں مصروف ہیں۔ طنز کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ میڈیا کے بنائے ہوئے ان لوگوں نے جمہوریت، ہم آہنگی، انتخابی سیاست اور اپنے عہدے کے وقار کو مکمل طور پر تار تار کر دیا ہے۔
لالو یادو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جموں و کشمیر میں ہمارے بہادر سپاہی شہید ہوئے، منی پور جل رہا ہے، چین ہمارے ملک میں داخل ہو رہا ہے، طلبا، نوجوان، ملازمین، تاجر، کھلاڑی تکلیف میں ہیں، گجرات سے 5 سال میں 40 ہزار خواتین غائب ہوئیں، لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور ملک بدامنی کا شکار ہے، میڈیا کے بنائے ہوئے ان لوگوں نے جمہوریت، ہم آہنگی، انتخابی سیاست اور عہدے کے وقار کو تار تار کردیا ہے۔