نئی دہلی: لالو یادو 12ویں مرتبہ پارٹی کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ راجدھانی کے تالکٹورا انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ اس اجلاس میں حکومت کی خارجہ اور اقتصادی پالیسی پر تنقید کی گئی۔ اجلاس کے دوران کئی بار افرا تفری کا ماحول رہا۔ لالو یادو کے بیٹے اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کے بھائی تیج پرتاپ یادو یہ کہتے ہوئے میٹنگ سے واک آؤٹ کرگئے کہ ان کے پرسنل اسسٹنٹ اور ان کی بہن کو آر جے ڈی جنرل سکریٹری شیام راجک نے گالی دی ۔ تیج پرتاپ نے کہا کہ وہ صرف راجک سے میٹنگ کے پروگرام اور ایجنڈے کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے، جس پر انہوں نے گالی دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اس کی آڈیو ریکارڈنگ بھی ہے جسے وہ بہار کے لوگوں کے سامنے کھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجک جیسے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگوں کو آر جے ڈی سے باہر پھینک دینا چاہیے۔ Lalu Yadav Elected National President Of RJD
میٹنگ میں بہار آر جے ڈی کے صدر جگدانند سنگھ کی غیر موجودگی پر بھی بات ہورہی تھی۔ جگدانند سنگھ کے بیٹے سدھاکر سنگھ نے حال ہی میں پارٹی کے دباؤ میں وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے بعد میں قبول کر لیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ جگدانند سنگھ اپنے بیٹے کے استعفیٰ کی منظوری سے ناخوش ہیں۔
آر جے ڈی کے ترجمان منوج جھا نے کہا کہ میٹنگ میں سیاسی صورتحال، خارجہ اور اقتصادی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تینوں مسائل پر قراردادیں منظور کی گئیں۔ میٹنگ میں مودی حکومت کو تمام محاذوں پرناکام ٹھہراتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت کے پاس نہ تو کوئی سوچ ہے اور نہ ہی کوئی بلیو پرنٹ ہے۔ Lalu Prasad Yadav elected RJD president unopposed for 12th time