گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں آج جے ڈی یو نے مرکزی حکومت کے خلاف سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کیا۔اس دوران ایک جلسہ بھی ہوا جس میں رہنماؤں نے اپنے خطاب میں بی جے پی اور بہار میں این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ خاص کر سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی کو درج فہرست ذات کے خلاف کام کرنے والوں کی فہرست میں گردانا اور کہا گیا کہ یہ وہ رہنماء ہیں جنہیں وزیراعلی نتیش کمار نے پہلے وزیر بنایا اور پھر اُن پر اعتماد کرکے وزیراعلی بنایا۔
تاہم اُنہوں نے اپنے ذاتی مفاد میں اُن سے ملے جنہوں نے درج فہرست ذات کا استعمال اور استحصال کیا ہے، جو ریزرویشن کو ختم کرنے کی وکالت کرتے ہیں، بی جے پی نے بہار کے ساتھ ناانصافی کی۔ آج بہار اور بہاری فرسٹ کا نام نہاد نعرہ دینے والے بھی ان کے حمایتی بنے ہیں۔ دراصل ان رہنماؤں اور ان کی پارٹیوں کو بہار کی ترقی اور یہاں کے باشندوں کے وقار سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ انہیں صرف اپنے کنبہ کی ترقی چاہیے۔ وزیراعلی نتیش کمار نے بہار میں ترقی کے ساتھ یہاں کے باشندوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔