پٹنہ:بہار کے سارن گریجویٹ حلقہ سے جن سوراج پارٹی کے آفاق احمد نے ایم ایل سی انتخاب میں جیت درج کی ہے۔ وہیں نومنتخب ایم ایل سی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نتیش حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نتیش حکومت اساتذہ کے جذبات کے ساتھ صرف کھلواڑ کر رہی ہے۔ ریاست بھر میں تعلیمی نظام درہم برہم ہے۔ بہار میں تعلیمی انقلاب کی بات کرنے والے ذرا بتائیں کہ اگر بہار میں تعلیمی ترقی ہوئی ہے تو پھر آخر یہاں کے طلبا آج بھی باہر جاکر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور کیوں ہیں؟
آفاق احمد نے کہا کہ لالو رابڑی اور نتیش کمار کی حکومت کو جوڑا جائے تو تیس سال ہوتے ہیں۔ ان تیس برسوں میں اگر تعلیمی ترقی ہوئی ہوتی تو آج بھی بہار میں لاکھوں اساتذہ کی آسامی ہے لیکن حکومت انہیں پرُ کیوں نہیں کر رہی ہے۔ آج بھی گاؤں علاقوں کے لوگ بنیادی تعلیم سے محروم ہیں، وہاں نہ کوئی اسکول ہے نہ ہسپتال۔ اگر اسکول ہے بھی تو محض کاغذ پر، زمین پر ایک اینٹ بھی نہیں دکھے گی۔ یہ اس وقت بہار کی سچائی ہے۔ وزیر اعلیٰ آس پاس کا گھیرا توڑ کر ان علاقوں کا دورہ کریں تو انہیں یہ سب نظر آئے گا۔