گیا:بہار کے شہر گیا میں واقع اقلیتی ادارہ مرزا غالب کالج کے شعبہ ہندی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن جعفری کو جن بھاشا ہندی ڈاٹ کام نے ہندی سيوک ایوارڈ سے نوازا ہے۔ ضیاء الرحمن جعفری قریب ڈیڑھ سال سے مرزاغالب کالج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی انہیں کئی ایوارڈ مل چکے ہیں تاہم اس بار انہیں یہ اعزاز ہندی میں کیے گئے ان کے نایاب کارناموں کے لیے دیا گیا۔
ڈاکٹر جعفری کی ہندی زبان میں قریب سات کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ انہوں نے اردو زبان میں بھی اشعار لکھے ہیں۔ اردو زبان و ادب میں بھی وه بچوں کے مقبول شاعروں میں گنے جاتے ہیں۔ ان کی کتابوں میں " میں آپی سے نہیں بولتی " ان کی لکھی ہوئی بچوں کی نظم کی کتاب ہے۔ وہیں کھلے دریچے کی خوشبو، خوشبو چھو کر آئی ہے۔ پروین شاکر کی شاعری۔ ہندی غزل کا وکاس، چاند ہماری مٹھی میں ہے وغیرہ ان کی ہندی میں لکھی ہوئی تصانیف ہیں۔