گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کے بھدیہ بارہ چٹی میں واقع سین سنس ورلڈ اسکول میں منعقدہ پروگرام میں بھارت جوڑو یاترا سے واپس آئے کانگریس لیڈر عمیر احمد خان کا نوجوانوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران گیا کے نوجوانوں نے انہیں گلدستہ اور شال پیش کرکے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عمیر خان نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو سیاست میں بھی دلچسپی رکھنی چاہیے۔
عمیر احمد خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ایک ضروری عمل یہ بھی کرنا چاہیے کہ وہ اچھائیوں پر عمل کریں اور برائیوں سے دور رہیں۔ بھارتی آئین پر عمل کریں، نفرت تشدد کے خاتمے کے لیے کوشاں رہیں، ہندو اور مسلم ایکتا گنگا جمنی تہذیب کی ہر جگہ مثال پیش کریں۔ معاشرے کو جوڑیں۔ ویسے آج کا نوجوان مثال پیش کررہا ہے اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔ تاہم ملک کی حکومت ان نوجوانوں کی خدمات اور اس کی محنت کا اعتراف نہیں کررہی ہے۔ ان کی صلاحیت کی قدر مرکز کی حکومت نہیں کررہی ہے۔ ان کی صلاحیت ولیاقت کو ضائع کیا جارہا ہے۔ اگر ملک کے نوجوانوں کو نوکری ملے تو یہ اپنے ملک کو پھر سے سونے کی چڑیا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔