گیا:امارت شریعہ بہار وجھارکھنڈ کے نائب ناظم مولانا سہیل احمد ندوی کا آج انتقال پرملال ہو گیا ،مولانا سہیل احمد ندوی ایک ہفتے سے یکساں سول کوڈ کے معاملے کو لے کر اڑیسہ کے دورہ پر تھے۔امارت شریعہ یو سی سی کی مخالفت میں بیداری مہم چلا رہا ہے ،امارت شریعہ کا کئی وفد بہار کے مختلف اضلاع سمیت دوسری ریاستوں با لخصوص جھارکھنڈ اڑیسہ بنگال کے دورے پر ہے۔
آج مولانا سہیل ندوی کا پروگرام اڑیسہ کے کٹک میں تھا ، اطلاع کے مطابق پروگرام سے انہوں نے خطاب بھی کیا پھر وضو کر ظہر کی نماز ادا کرنے لگے ، سجدے میں گئے اور ان کا انتقال پرملال ہو گیا۔مولانا کے انتقال کی خبر سے امارت شریعہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ،مولانا سہیل نائب ناظم کے ساتھ امارت شریعہ میں واقع مولانا سجاد میموریل ہسپتال اور امارت شریعہ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے سیکرٹری بھی تھے۔
ناظم امارت شریعہ مولانا شبلی القاسمی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے جنازہ کو ایئر ایمبولنس سے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر انتظامات نہیں ہو سکے تو بائی روڈ جنازہ پٹنہ لایا جائے گا۔