سمستی پور: ریاست بہار کے سمستی پور ضلع میں واقع مفصل تھانہ علاقہ کے لکی چوک کے نزدیک ایکسائز محکمہ نے چھاپے ماری کر کے ایک ٹرک سے قریب 25 لاکھ روپے قیمت کی انگریزی شراب برآمد کی ہے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ایکسائز محکمہ کو سمستی پور میں شراب کی ایک بڑی کھیپ آنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اسی اطلاع کی بنیاد پر ضلع کے لکی چوک واقع ایک ٹھکانے پر پولیس نے چھاپے ماری کی اوروہاں سے ٹرک پر لدی 250 کارٹن انگریزی شراب برآمد کی ہے ۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
اطلاع کے مطابق محکمہ ایکسائز اور مفصل تھانے کی ٹیم نے مشترکہ چھاپہ مارا۔ انہیں اطلاع ملی تھی کہ شراب لائی جانے والی ہے۔ خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم نے بشن پور اور حکیم آباد روڈ پر چیکنگ آپریشن کیا۔ اس دوران ایک ٹرک کو روکا گیا۔ اس میں وال پٹی لدی ہوئی تھی۔ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹرک کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران وال پٹی سے لدے اس ٹرک میں چھپائی گئی غیر ملکی شراب کے 412 کارٹن برآمد ہوئے۔ پولیس نے فوری طور پر ٹرک پر بیٹھے تاجر اور ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ ٹرک کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق برآمد کی گئی شراب کی مارکیٹ قیمت تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کی مانیں تو برآمد شدہ شراب جھارکھنڈ کے دمکا سے لائی جارہی تھی۔ پولیس شراب فروش اور ڈرائیور کو حراست میں لے کر یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ شراب کہاں لے جائی جا رہی تھی۔