بھاگلپور: ریاست بہار کے بھاگلپور میں فلم پٹھان کے ریلیز ہونے سے قبل سنیما ہال کے باہر وشو ہندو پریشد، اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) اور بجرنگ دل کے کارکنان نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سنیما ہال کے احاطے میں لگائے گئے پوسٹر کو پھاڑ دیا اور فلم کے پوسٹر کو نذر آتش بھی کیا۔ پٹھان فلم کا پوسٹر سنیما ہال کے باہر لگایا گیا تھا۔ پوسٹر لگانے کے چند گھنٹے بعد ہی بجرنگ دل، اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد اور بجرنگ دل کے 20 سے زائد کارکنان سنیما ہال کے باہر ہنگامہ کردیا اور فلم کے پوسٹر پھاڑنے لگے۔ بھاگلپور کی متعدد تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس فلم کو ریلیز نہیں کیا جانا چاہیے۔ اسی دوران سنیما ہال کے باہر مشتعل نوجوانوں نے ایک دوسرے کے کاندھوں پر چڑھ کر فلم کے پوسٹر پھاڑے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کی بدقسمتی ہے کہ 'دی کشمیر فائل' جیسی سچائی کو دکھانے والی فلم نہیں دکھائی جاتی، جب کہ جو فلم میں کسی خاص مذہب کو ٹارگٹ کرتی ہے اور بھگوا کو بے شرم بنا کر دکھاتی ہے، ایسی فلموں کو سنیما ہال میں دکھایا جاتا ہے۔ زعفران سادگی اور تپوبھومی کی شان ہے، یہ ترنگے کے ماتھے پر لگایا جاتا ہے۔ بھاگلپور جیسے شہر میں اس فلم کا چلنا ممکن ہی نہیں ناممکن ہے۔ وہیں سنیما ہال کے مالک نے کہا کہ کچھ نوجوان یہاں آئے تھے اور وہ احتجاج کر رہے تھے کہ فلم سنیما ہال میں نہ دیکھائی جائے، مظاہرین بھگوا رنگ سے متعلق ایسا کہہ رہے تھے اس کے بعد ان لوگوں نے تمام پوسٹرز پھاڑ ڈالے۔ پولیس کو اس کی اطلاع دے دی گئی۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صبح دس بجے تک سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔