گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں گذشتہ برس فصل نقصان اسکیم کے تحت 3701 کسانوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ ضلع گیا محکمہ زراعت افسر کے مطابق گذشتہ مالی سال خشک زدہ اسکیم کے تحت کسانوں کے علاوہ کاشتکاری سے جڑے دوسرے افراد کی بھی مدد ہوئی ہے۔ ضلع گیا میں گذشتہ مالی برس میں کسانوں کو کافی نقصان ہوا تھا۔ محکمہ زراعت کی رپورٹ کے مطابق ضلع کے 225 گاؤں خشک زدہ قرار دیے گئے تھے۔ یہاں کسانوں کے ساتھ سبھی کنبوں کو مالی مدد پہنچائی گئی تھی۔ ہنگامی مدد کے طور پر فی فرد تین ہزار روپے دیے گئے تھے۔
ضلع کے 3701 کسانوں کو الگ سے رقم ملی تھی۔ دراصل قدرتی آفات کی حالت میں فصل کو نقصان پہنچتا ہے تو حکومت کی جانب سے کسانوں کو معاوضہ اسکیم کے تحت معاوضہ دیا جاتا ہے۔ اس اسکیم کی روشنی میں فصل کو 33 فیصد نقصان ہوتا ہے، تبھی معاوضے کی رقم دی جاتی ہے۔ ضلع زرعی افسر سداما پرساد نے بتایا کہ گرانٹ کی شرح مقرر ہے۔ اگر یہ سیراب علاقہ ہے تو وہاں 13500 فی ہیکٹیئر معاوضہ دیا جاتا ہے اور اگر وہ علاقہ غیرآبپاشی والا ہے تو وہاں پر 6800 فی ہیکٹیئر معاوضے کی رقم دی جاتی ہے اس اسکیم کا فائدہ ان کسانوں کو ہی صرف ملتا ہے جو محکمہ زراعت کے پورٹل ہررجسٹرڈ ہوتے ہیں، یہ ون ٹائم رجسٹریشن ہوتا ہے، ضلع گیا میں آٹھ لاکھ سے زیادہ کسان محکمہ زراعت کے پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں۔ رجسٹریشن نمبر کے مطابق درخواست دی جاتی ہے اور اس کے بعد جانچ کی کاروائی مکمل ہونے کے بعد معاوضے کی رقم کسانوں کے کھاتے میں ڈال دی جاتی ہے۔ اس برس کسانوں کو نئے مالی برس میں توقعات ہیں کہ قدرتی آفات سے فصل کو نقصان پہنچنے پر ان کی خاطر خواہ مدد کی جائے گی۔