پٹنہ: بہار میں ذات پات کی مردم شماری ہوگی یا نہیں اس کو لے کر پچھلے کچھ دنوں سے مشکوک برقرار ہے، کیونکہ پٹنہ ہائی کورٹ نے اس پر عبوری روک لگا دی ہے۔ ریاستی حکومت نے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جس کے بعد عدالت نے 17 مئی کی تاریخ مقرر کی لیکن جسٹس سنجے کرول نے خود کو سماعت سے الگ کر لیا۔ جس کی وجہ سے آج سماعت ہوگی۔ اس کے لیے دو رکنی نیا بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
بہار حکومت کی عرضی کو سپریم کورٹ کی متعلقہ بنچ نے چیف جسٹس ڈی وی چندرچوڑ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی، تاکہ ایک مناسب بنچ تشکیل دی جا سکے۔ عدالت نے اس کی سماعت کے لیے نیا دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ جسٹس ابھے اوک اور جسٹس راجیش بندل کی عدالت آج اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ ایسے میں دیکھنا ہوگا کہ سپریم کورٹ اس پر کیا فیصلہ لیتی ہے۔