اردو

urdu

ETV Bharat / state

Haj activities in Gaya گیا میں حج کی سرگرمیاں تیز، درخواست فارم کیسے بھریں، پڑھیں پوری رپورٹ - ای ٹی وی بھارت نے ڈاکٹر تنویر سے تفصیلی گفتگو

ریاست بہار کے ضلع گیا میں حج 2023 کے لیے آن لائن حج درخواست پر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گیا کے رضاکاروں نے مفت حج فارم پُر کرنے کی پہل شروع کی ہے۔ آن لائن فارم کیسے پُر کریں، یہ جاننے کے لیے یہ تفصیلی رپورٹ پڑھیں۔

حج کی سرگرمیاں تیز درخواست فارم کیسے پر کریں پڑھیں
حج کی سرگرمیاں تیز درخواست فارم کیسے پر کریں پڑھیں

By

Published : Feb 13, 2023, 1:58 PM IST

ای ٹی وی بھارت اردو نے ڈاکٹر تنویر عثمانی سے حج فارم 2023 کو آن لائن پر کرنے کے پروسیس کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی

گیا:ریاست بہار میں حج 2023 کے لیے آن لائن فارم آج سے پر ہونے کی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔ البتہ ابتدائی دنوں کی وجہ سے مرکزی حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر کچھ تکنیکی پہلوؤں کی وجہ سے ویب سائٹ دھیمی رفتار سے کام کر رہی ہے تاہم یہ ایک دو دنوں کا معاملہ بتایا جارہا ہے لیکن جو ایکسپرٹ ہیں وہ آسانی سے فارم پر کرنے لگے ہیں، چونکہ بہار کے عازمین حج رواں سال سفر مقدس کے لیے ضلع گیا کے ہوائی اڈہ سے اڑان بھریں گے۔ اس لیے یہاں کے رضاکار حج کے تعلق سے زیادہ متحرک ہیں۔ شہر گیا کے وہائٹ ہاؤس محلہ میں حج ٹرینر ڈاکٹر تنویر عثمانی نے اپنی رہائش گاہ پر پہلے دن ایک فارم پُر کرلیا ہے جب کہ ان کے پاس اب تک پچاس لوگوں نے فارم پر کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ اور دیگر کاغذات دستیاب کرائے ہیں۔ ڈاکٹر تنویر عثمانی دس برسوں سے مفت آن لائن فارم پر کررہے ہیں۔ اگر کوئی خواہش مند شخص سائبر کیفے سے فارم پر کرواتا ہے تو وہاں سائبر کیفے کو صرف فارم پر کرنے کے لیے سو سے دو سو روپیے الگ سے چارج دینے پڑجاتے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت اردو نے ڈاکٹر تنویر عثمانی سے حج فارم 2023 کو آن لائن پر کرنے کے پروسیس کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی ہے۔ عثمانی نے کہا کہ چونکہ آن لائن فارم پر کرنا گاؤں دیہات اور خاص طور پر بڑے بزرگوں کے لیے آسان کام نہیں ہے۔ اس لیے وہ اپنی ٹیم کے ساتھ حج فارم ہر برس پر کرتے ہیں اور اس کے لیے وہ کوئی چارج نہیں لیتے ہیں۔ یہ رضاکار خالص ثواب اور عازمین کی مدد کی نیت سے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے آن لائن فارم بھرنے کی تفصیل شیئر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:


کیسے پر کریں آن لائن فارم
ڈاکٹر تنویر عثمانی نے بتایا کہ پہلے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ http://www.hajcommittee.gov.in پر حج 2023 پر کلک کرنا ہے اس کے کھلتے ہی آن لائن اپلیکشن فارم پر کلک کرنا ہے، اس کے بعد لاگنگ پیج اوپن ہوگا جس میں نیو رجسٹریشن کے خانہ پر کلک کرنا ہے، اب یہاں پہلے خانہ میں یوزر آئی ڈی کا خانہ ہوگا جس پر اپنے موبائل نمبر کو ڈالنا ہے اور وہی آپ کی یوزر آئی ڈی ہوگی، اس کے بعد ای میل آئی ڈی پر کرنا ہے اگر ای میل آئی ڈی نہیں ہے تو کوئی حرج نہیں ہے۔ البتہ اسے ڈالنا بہتر ہے کہ حج کمیٹی کی طرف سے آپ کو ای میل پر بھی تفصیل دستیاب ہوتی رہے، اس کے بعد آگے کے خانہ میں آپ کے پاسپورٹ پر درج فرسٹ نام اور لاسٹ نام کو دوسرے خانہ میں ٹائپ کرکے درج کرنا ہے، اس کے بعد پاس ورڈ کے خانہ میں نیا پاس ورڈ آپ کو خود بنانا ہوگا۔ خیال رہے کہ پاس ورڈ کو آپ محفوظ کرلیں، اس کے بعد آگے کی کارروائی میں اپنی ریاست کا نام، ضلع کا نام درج کریں اور آخری خانہ میں اسکرین پر نظر آرہے سکیورٹی کوڈ کو درج کریں اور اس کے بعد فارم کو رجسٹر کریں، جس کے بعد رجسٹرڈ موبائل پر ایک او ٹی پی نمبر جائے گا جسے دیکھ کر اوٹی پی کے خانہ میں اسے درج کریں، اوٹی پی ڈالنے کے بعد حج کا اوریجنل فارم اوپن ہوگا جس پر آگے کی کارروائی کرتے ہوئے آپ کو پہلے اپنا یوزر آئی ڈی جو آپ نے پہلے اپنے " موبائل نمبر " کو بنایا ہے اس کو درج کریں اور پھر پاس ورڈ ڈال کر لاگنگ کریں گے، اس کے بعد جب پیج کھلے گا تو اس میں تین کٹیگری شو کرے گا۔

چونکہ اس مرتبہ حج پالیسی میں ترمیم کی گئی ہے تو لازماً پہلے جس طرح سے آن لائن فارم پر ہوتے تھے اس میں بھی تبدیلی آئی ہے، اس میں تین کٹیگری ہوگی جو پہلی کٹیگری کا خانہ 70 سال کے عمر سے زیادہ والے حج کے سفر پر جانے والے خواہش مندوں کے لیے بنایا گیا ہے کیونکہ انہیں اپنے ساتھ اپنے اخراجات پر ایک قریبی کو لے کر جانا ہے، دوسرا جنرل کٹیگری ہے جس میں ستر برس کے کم عمر والے مرد وخواتین پر کرسکتے ہیں اور تیسرا خانہ 45 سال سے زیادہ کی عمر کی عورتوں کے لیے ہے جو بغیر محرم کے سفر حج پر روانہ ہوں گی، اپنی عمر اور فارمیٹ کے مطابق کٹیگری کو پر کرنے کے بعد اب پوری تفصیل درج کرنی ہے جس میں درخواست گزار کا نام، پتہ، عمر، کوالیفکیشن، بلڈ گروپ، نامنیز کا نام، اکاؤنٹ کی تفصیل، کووڈ ویکسن سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ نمبر سمیت سبھی تفصیل کے ساتھ پاسپورٹ کے فرسٹ اور لاسٹ پیج کی اسکین کاپی، پاسپورٹ سائز فوٹو جس کا بیک گراؤنڈ سفید ہو اس کی اسکین کاپی، بینک پاس بک یا کینسل چیک کی اسکین کاپی " جس پر نام اکاؤنٹ نمبر اور آئی ایف سی کوڈ تحریر ہو " اسے اپ لوڈ کرنا ہے جب یہ ساری کارروائی مکمل ہوجائے گی تو ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کا آپشن آئے گا جسے آپ کو پرنٹ کرنا ہے اور دس مارچ سے قبل اپنی سہولتوں کے مطابق حج بھون میں فارم کی پرنٹ کاپی پر درخواست گزار اور نامنی کے دستخط کے ساتھ جمع کرنا ہے۔

بلاجھجھک کریں رابطہ
رضاکار تنویر عثمانی، حاجی عمر الفضل، صغیر احمد سمیت درجنوں رضا کاروں کی جانب سے خواہشمند حضرات کے لیے انکوائری سینٹر شہر کے وہائٹ ہاؤس محلے میں بنایا گیا ہے۔ یہ انکوائری سینٹر ڈاکٹر تنویر عثمانی کے گھر پر بنایا گیا ہے۔ رضا کاروں نے کہا کہ خواہش مند بلا جھجھک رابطہ کریں اور تمام امور کو آسانی سے حل کریں۔

غلطیوں سے گھبرائیں نہیں
ڈاکٹر تنویر عثمانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ اکثر ہوتا ہے کہ فارم پر کرنے کے وقت غلطیاں ہوجاتی ہیں تو اس سے گھبرائیں نہیں بلکہ اس فارم ڈیٹیلز کو اچھے سمجھیں اور پڑھیں اور اگر غلطی ہے تو اس فارم کو ڈیلٹ کردیں پھر دوبارہ یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ سے لاگنگ کریں اور پورے دھیان سے فارم پر کریں چونکہ اس مرتبہ آپ کو فارم پر کرنے کے لیے کوئی رجسٹریشن فیس جمع نہیں کرنی ہے۔ اس لیے اور آسانی ہے۔ ہاں یہ کہ ایک چیز کا پورا خیال رکھیں کہ اگر فارم میں غلطی ہوئی ہے تو اسے " کور نمبر " جاری ہونے سے پہلے درست کرلیں اگر کور نمبر جاری ہونے کے بعد آپ کا دھیان غلطیوں پر گیا تو پھر آپ اپنی لاگنگ سے اسے درست نہیں کر سکتے ہیں پھر آپ کو حج کمیٹی کو درخواست دے کر درست کرانا ہوگا اور یہ کور نمبر حج بھون میں فارم جمع کرنے کے بعد جاری ہوتا ہے۔

خواہشمند حضرات سے اپیل
حج کمیٹی کے چیئرمین عبدالحق نے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کارروائی کا عمل شروع ہوا ہے۔ اس لیے جلد بازی نہیں کریں۔ حج 2023 سے متعلق تمام اہم ہدایات وضوابط کے واضح ہونے کے بعد ہی حج درخواست فارم آن لائن یا آف لائن پر کریں، آن لائن حج فارم پر کرنے کے لیے ابھی فوری طور پر بین الاقوامی پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details