گیا:ریاست بہار میں لائسنسی اسلحہ رکھنا عام بات ہے۔2021 میں ضلع گیا کے اسوقت کے موجودہ ڈی ایم ابھشیک کمار سنگھ کے ذریعہ اسلحوں کے لائسنس کی خوب منظوری دی گئی جسکی وجہ سے وہ چرچا میں بھی رہے۔ یہ معاملہ سرخیوں میں رہنے کے ساتھ اس پر سیاست بھی ہوئی۔بڑی تعداد میں لائسنس دیے جانے کا معاملہ وزیراعلی نتیش کمار تک بھی پہنچا اور لائسنس دینے میں رشوت کا بھی الزام لگا۔
لیکن اب اقلیتی کمیشن بہار نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ضلع گیا میں جاری کیے گئے لائسنسوں میں اقلیتی فرقے کی کتنی تعداد ہے ، ضلع اقلیتی فلاح دفتر نے ضلع انتظامیہ کے متعلقہ دفتر سے رپورٹ حاصل کر کمیشن کو کل تعداد واضح کی ہے۔ اطلاع کے مطابق اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ریاض الحق عرف راجو اور کمیشن کے دوسرے اراکین گزشتہ برس 2023 کے دسمبر ماہ میں گیا دورہ پر تھے۔
یہاں ڈی ایم کے ساتھ کمیشن کے چیئرمین نے حکومت کی عوامی بہبود اسکیموں اور دیگر سہولیات میں اقلیتوں کی حصے داری اور اسکی فیصد کے معاملات پر جائزہ لیا تھا۔اسی میٹنگ میں چیئرمین نے کل لائسنس میں اقلیتی طبقے کی تعداد بھی پوچھی گئی تھی ، ضلع اقلیتی بہبود دفتر نے متعلقہ محکمہ سے رپورٹ لیکر کمیشن کو واقف کرادیا ہے ، بتایا گیا ہے کہ ضلع میں اب تک کل جاری کردہ لائسنس کی تعداد 2451 ہے جس میں اقلیتی طبقے کی تعداد 495 ہے ، یعنی کہ 2451 افراد ضلع میں ایسے ہیں جو چھوٹے وبڑے لائسنسی اسلحے رکھے ہوئے ہیں اور ان لائسنس ہولڈروں میں اقلیتی فرقے کے 495 افراد شامل ہیں جنکے پاس لائسنسی اسلحے ہیں