گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں یوم مزدور کے موقع پر ڈپٹی لیبر کمشنر مگدھ ڈویژن کے دفتر احاطے میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت محمد اکبر جاوید آزاد اسسٹنٹ لیبر کمشنر مگدھ ڈویژن گیا نے کی، جب کہ میٹنگ کی نظامت سدھانشو کمار لیبر انفورسمنٹ آفیسر نے انجام دیا۔ اسسٹنٹ لیبر کمشنر اکبر جاوید آزاد نے یوم مزدور کے موقع پر موجود مزدوروں اور ان کی تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے یوم مزدور اور اس کے مقاصد کے حوالے سے روشنی ڈالی۔
جب کہ اس موقع پر گیا ضلع میں تعینات تمام لیبر انفورسمنٹ افسران نے ایک ایک کر کے مزدوروں کو ان کے فائدے کے لیے محکمہ کی طرف سے چلائے جانے والے مختلف لیبر قوانین اور فلاحی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اکبر آزاد نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے محکمہ کے تحت بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ جس میں رجسٹریشن کروانے کے بعد رجسٹرڈ ورکرز اور ان کے لواحقین کو اسکیموں کا فائدہ ملتا ہے۔ دیگر اسکیموں میں جیسے بہار شتابدی غیر منظم کام کے شعبے کے کارکن اور دستکار سماجی تحفظ اسکیم، مائیگرنٹ ورکرز ایکسیڈنٹ گرانٹ اسکیم وغیرہ کا بھی فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔