گیا۔ پٹنہ روڈ سے متصل بیتھو شریف میں سید شاہ شاہد اشرف کی برسی کی تقریب منعقد ہوئی۔ شاہد حسین اشرف چالیس برسوں تک بہار کے سب سے بڑے آستانہ حضرت مخدوم درویش اشرف کے سجادہ نشیں رہے۔
واضح رہے کہ شاہد اشرف حضرت مخدوم درویش اشرف کے آستانہ کے سولہویں سجادہ نشین تھے۔ ان کا تعلق مخدوم درویش اشرف علیہ الرحمہ کے خاندان سے ہے۔ ان کا انتقال پرملال گزشتہ برس ہوگیا تھا۔
ابھی خانقاہ کے موجودہ سجادہ نشین حضرت شاہد اشرف کے صاحبزادہ انجنئیر سید شاہ ارباب اشرف ہیں۔ انہیں کی سرپرستی میں برسی کی تقریب منعقد ہوئی۔ صبح قرآن خانی اور اسکے بعد جلسہ ہوا جس میں بڑی تعداد میں مریدین معتقدین اور گیا و اطراف کے سیاسی و سماجی اراکین و معززین کے علاوہ مختلف خانقاہوں کے سجادگان، علماء کرام و مشائخ عظام اور شعراء شریک ہوئے۔ خانقاہ ابوالعلائیہ رام ساگر گیا کے سجادہ نشیں مولانا سید شاہ صباح الدین منعمی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے اور جلسہ کا اختتام ان کی رقت آمیز دعاوں پر ہوا۔
شاہد اشرف معاشرے تعلیم کی فروغ کے لیے مسلسل کوشاں رہے
شاہد حسین اشرف مرحوم کا تعلق نہ صرف علم معرفت سے تھا بلکہ وہ عصری تعلیم کے لیے بھی کوشاں رہتے تھے۔ بہار کی سب سے بڑی یونیورسٹی " مگدھ یونیورسٹی " میں پروفیسر کے عہدے پر بحال ہونے کے بعد وہ مسلسل یہاں بلندی تک پہنچتے رہے اپنے شعبے کے ہیڈ کے بعد یونیورسٹی کے ڈین کے عہدے پر فائز رہے۔ یونیورسٹی کے انچارج وائس چانسلر کی حیثیت سے بھی انہوں نے خدمات انجام دیں۔ شاہد اشرف معاشرے کے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں رہے۔'
موجودہ سجادہ نشین سید شاہ ارباب اشرف نے بتایا کہ پہلی برسی کے موقع پر ملک کے کئی ریاستوں سے مریدین پہنچے ہیں، جلسہ میں مولانا وکیل صابری، مولانا آفتاب عالم اطہر، مولانا صباح الدین منعمی کا خطاب ہوا۔ قل و فاتحہ خوانی کے بعد روایت کے مطابق لنگر بھی تقسیم ہوا۔