ضلع گیا کو گرمی کے موسم میں پانی کےشدید بحران کاسامنا کرنا پڑتا ہے ، بورنگ و ہینڈ پمپ وغیرہ خشک ہونے لگتے ہیں ، یہاں تک کہ ٹینکر سے پانی کی فراہمی بھی کم پڑجاتی ہے ، تاہم انتظامیہ نے کورونا وائرس کی وباسے ضلع کے باشندوں کے بچانے کے ساتھ پانی کی فراہمی اور گر می کی لہر سے نجات دینے کی تیاریاں شروع کردی ہے۔ پانی کی فراہمی کے لئے ہینڈ پمپ، کنویں وغیرہ کی مرمت کا آغاز ہوچکا ہے ۔
پانی کی قلت کاسامنا نہیں کرناپڑیگا موسم گرما کی دستک کے ساتھ ہی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے ضلع گیا کے شہری علاقوں اور دیہی علاقوں میں پانی کے ممکنہ مسئلے کو دیکھتے ہوئے تمام بلاکس کے لئے ہینڈ پمپ کی مرمت کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ سنیچر کو ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک سنگھ نے کلکٹریٹ کے احاطے سے مرمت کرنے والے دستوں کی 28 گاڑیوں کوہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
انتظامیہ کا دعوی ہے کہ رواں سال کی گرمی میں پانی کی قلت کاسامنا ضلع کونہیں کرنا پڑیگا۔ ڈی ایم نے کہا کہ اس سال 'جل جیون ہریالی یوجنا ' کے تحت بہت کام ہوا ہے، جس کی وجہ سے پورے گیا ضلع میں پانی کی سطح پچھلے سال سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل اور مئی میں ہینڈ نل کے خشک ہونے کا مسئلہ کئی علاقوں میں شروع ہوتا ہے۔ اس کے پیش نظر پی ایچ ای ڈی کی مرمت ٹیم کی 28 گاڑیاں روانہ کردی گئیں ہیں ۔ جس میں 56 مرمتی ٹیمیں ہیں ، جو گیا ضلع کے تمام بلاکس کے ہر گاؤں جاکر سوکھے ہینڈ نل کی مرمت کریں گی اور ان کو دوبارہ سے شروع کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایاکہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے دائرہ کوبڑھنے سے روکنے کی غرض سے ضلع گیا میں بھی لاک ڈان کا نفاذ ہے ۔تاہم ضلع گیا کے شہری اور دیہی علاقوں میں نل جل یوجنا کے کام جاری رہیں گے۔ اس سال بھی ٹینکر کا انتظام کیا گیا ہے ، جہاں بھی پانی کی پریشانی ہوگی وہاں ٹینکر سے پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون ہریالی یوجنا ، آبپاشی اسکیم اور منریگا کے زیر التواء کام 20 اپریل 2020 سے شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس سال پانی کی پریشانی نہیں ہوگی ، کیوں کہ گیا بہار کا واحد ضلع ہے جہاں اس سال دیگر اضلاع کے مقابلے میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔
یہ تو آنے والےوقت اور حالات سے ہی پتہ چلے گا کہ انتظامیہ کی تیاریاں موسم گرما کی تیاریوں پر کتنی کھری ثابت ہوتی ہیں ، اگر واقعی تیاریاں زمینی حقیقت پر صحیح ثابت ہوتی ہیں تو ضلع کے باشندوں کے لئے یہ راحت پہچانے والی تیاری ثابت ہوگی ۔