بہار کے ضلع گیا میں گزشتہ 22 فروری کی رات کو ہجومی تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس میں ایک نوجوان محمد بابر کی موت واقع ہوگئی تھی جبکہ دو نوجوان شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے۔ اس معاملے میں پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں پانچ نے عدالت میں گزشتہ ہفتہ خود سپردگی کردی ہے جبکہ بقیہ ملزمان فرار ہیں۔
پولیس کی جانب سے مزید کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ایس ایس پی آشیش کمار بھارتی نے کہا کہ ہجومی تشدد معاملے میں کسی بھی ملزم کو چھوڑا نہیں جائے گا، ایڈیشنل ایس پی بھارتی کی قیادت میں مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارنے کی کاروائی کو انجام دیا جارہا ہے اور ساتھ ہی ان مفرور ملزمان کے گھروں کو ضبط کیا جارہا ہے۔ منگل تک قرقی کی کاروائی مکمل ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں چوکیدار کے بیان پر درج ایف آئی آر کے علاوہ محمد ساجد کے والد صابرعلی اور مہلوک محمد بابر کی والدہ کی جانب سے تحریری شکایت درج کرائی گئی تھی۔ ان لوگوں نے جن کا نام درج کروایا تھا ان لوگوں کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔