ریاست بہار کے ضلع گیا میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین نے مختلف مطالبات کو لے کر گذشتہ دس دنوں سے ہڑتال پر تھے۔ اس کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں گندگی اور کچرے کا انبار تھا۔ تاہم گیا میں آج سے صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے کارپوریشن کے دوسرے ملازمین اور یومیہ مزدوروں کے تعاون سے صفائی ستھرائی کے کاموں کو بحال کیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ساون کمار کا کہنا ہے کہ بلدیہ کے پاس حسب ضرورت مزدور اور گاڑیاں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صفائی ملازمین ہڑتال ختم کرنے سے انکار کرہے تھے جس کے بعد آج سے صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چند ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ اگر کوئی ملازم صفائی کے دوران رخنہ ڈالتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اسی کے تحت تین صفائی جمعداروں کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔