عالمی وبا کورونا انفیکشن کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاون جاری ہے، اسی دوران پیر کو راجستھان کے کوٹہ میں پڑھنے والے مگدھ کمشنری کے طلباء کا قافلہ ریاست بہار کے ضلع گیا پہنچا۔ گیا ریلوے اسٹیشن پر اسپیشل ٹرین کے رکتے ہی تقریبا 20 قلیوں نے طلباء کے سامان کو اٹھا کر باہر لے گئے۔
خود بے روزگار لیکن مدد کا جذبہ اب بھی برقرار - coolie picked up the student luggage
لاک ڈاؤن کے دوران ٹرینوں کی آمد ورفت بند ہونے سے ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلی بے روزگار ہوگئے ہیں۔ اس کے باوجود قلیوں نے گیا اسٹیشن پربہترین مثال پیش کی۔ قلیوں نے کوٹہ سے آئے طلباء کا بغیر مزدوری لیے سامان اٹھاکر پلیٹ فارم سے باہر نکالا۔
طلباء نے قلیوں کو مزدوری دینا چاہا لیکن قلیوں نے لینے سے منع کردیا قلیوں نے مفت خدمات انجام دینے کی بات کہ کر طلباء کے سامانوں کو پلیٹ فارم سے باہر نکالا۔ ان قلیوں میں کئی بزرگ قلی بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ گیا اور اس کے آس پاس واقع اسٹیشنوں پر سو سے زیادہ رجسٹرڈ قلی روزگار سے جڑے ہیں، لاک ڈاؤن کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بند ہونے پر انکے ذریعے معاش پر سیدھے طور سے اثر پڑا ہے، قلیوں کے سامنے کھانے پینے کا بھی مسئلہ پیدا ہوگیا تھا۔ لیکن لاک ڈاون کے پہلے مرحلے کے دوران ای ٹی وی اردو بھارت نے قلیوں کے مسائل کو نمایاں طور سے حکومت و انتظامیہ تک پہنچایا تھا جسکے بعد انتظامیہ کی جانب سے ان کے لیے اشیاء خوردونوش کا انتظام کیا گیا تھا۔