گیا:ریاست بہار کےضلع گیا پولیس نے غیر قانونی سم کارڈ فروخت کرنے والے دو دکانداروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے ذریعہ کسی اور کے فوٹو اور آدھار کارڈ کا استعمال کرکے سم کارڈ فروخت کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بودھ گیا کی دو دکانوں میں چھاپہ ماری مہم چلائی۔ پولیس نے دو دکانداروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس حوالے سے آج ایس ایس آشیش کمار بھارتی نے بتایا کہ انہیں محکمہ ٹیلی کام اسٹیشن پٹنہ بہار کے سرکاری ای میل کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ بودھ گیا پولیس تھانہ کے تحت ناز کمیونیکیشن اور گڈول موبائل کی دکان سے غیر قانونی طریقے سے سم کارڈ فروخت ہو رہے ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر چھاپہ ماری مہم چلائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع دی گئی تھی کہ بڑی تعداد میں جعلی سم کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بودھ گیا تھانہ میں مقدمہ نمبر 427 مورخہ 10 مئی 2023 درج کرتے ہوئے، تکنیکی اسسٹنٹ گیا وتھانہ انچارج بودھ گیا کو ہدایت کی گئی کہ وہ ملزمین کو گرفتار کریں جس کے تحت ضلع پولیس نے ناز کمیونیکشن کے مالک محمد انور علی ابن خلیل احمد تاراڈیہہ بھاگلپور بودھ گیا اور رنجن کمار ابن نندن پرساد مچارم تھا نہ بودھ گیا کو گرفتار کیا گیا۔