گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں ہولی اور شب برات کے پیش نظر حفاظتی نقطہ نظر سے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پیر کی شام شہر میں سِٹی ایس پی اور صدر ایس ڈی او کی قیادت میں ایک فلیگ مارچ کا انعقاد ہوا جس میں درجنوں پولیس اہلکار اور افسران شامل تھے۔ پولیس انتظامیہ کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد ’’لوگوں کو مکمل سیکورٹی کا احساس کرانا تھا۔
ضلع کے گاندھی میدان سے فلیگ مارچ برآمد ہوا جو شہر کے اہم راستوں سے ہوتے ہوئے کئی تھانوں کے ماتحت علاقوں سے ہو کر گزرا۔ اس دوران صدر ایس ڈی او، اندرویر کمار، نے کہاکہ ’’ہولی اورشب برات پر امن ماحول میں گزرے، اسی کو لے کر امن کمیٹی کی پہلے میٹنگ بھی منعقد ہوئی۔ فلیگ مارچ بھی ہوا ہے اور انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ان علاقوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو حساس مقامات ہیں۔‘‘
حساس مقامات کی سیکورٹی اور سرویلنس کے حوالہ سے کمار نے کہا: ’’ان حساس مقامات پر خصوصی نگاہ رکھی جارہی ہے۔ ہرجگہ پر پولیس فورس اور مجسٹریٹ کی تعیناتی کی گئی ہے جہاں کہیں سے بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع ملے گی وہاں فوری طور پر کارروائی کی جائے گی۔‘‘ انہوں نے ضلع کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’کسی کے بہکاوے میں ہرگز نہیں آئیں، افواہوں پر دھیان نہ دیں، اگر کسی طرح کی کوئی اطلاع ملتی ہے تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں تاکہ پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کرکے کارروائی انجام دے۔‘‘
واضح رہے کہ ریاست بہار کے ضلع گیا میں پچاس ’’حساس ترین مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے‘‘ جہاں پر، ماضی میں، تہواروں کے دوران کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ گیا پولیس کی جانب سے دفعہ 107کے تحت ایک سو سے زائد افراد پر کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس اہلکاروں کو ایس ایس پی نے اپنے اپنے علاقوں میں محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔