گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں سائبر فراڈ کرنے والا گروہ ان دنوں متحرک ہے۔ گزشتہ ہفتہ جے ڈی یو رہنما و تاجر وارث علی خان بھی اس کے شکار ہو چکے ہیں۔ وارث خان سے سائبر فراڈ کرنے والوں نے کوئلہ فروخت کرنے کے نام پر ڈھائی لاکھ روپے کی ٹھگی کرلی۔ معاملہ سرخیوں میں آنے کے بعد ایس ایس پی آشیش بھارتی نے سائبر فراڈ کرنے والوں پر نگاہ رکھنے کی ہدایت ضلع پولیس کو دی تھی۔ اسی دوران آج بنیاد گنج تھانہ کی پولیس کو سائبر کرائم سے جڑے معاملے کی خفیہ جانکاری ملی۔اس کے بعد پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی تو معاملے کا انکشاف ہوا حالانکہ گرفتار بدمعاشوں کا وارث خان کے معاملے سے تعلق نہیں ہے۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ گیا کے بنیاد گنج پولیس تھانہ نے تین سائبر مجرموں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے اب تک تقریباً ایک کروڑ روپے کا فراڈ کیا ہے۔ گرفتار ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کو مجرموں کے خلاف کئی ٹھوس شواہد بھی ملے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ تین میں سے ایک میٹرک فیل ہے جبکہ دو تعلیم یافتہ ہیں۔ لیکن وہ ٹیکنالوجی کا سہارا لے کر فراڈ کرنے میں ماہر تھے۔