گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا پولیس نے دو الگ الگ معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔اس میں ایک وہ شخص ہے جس نے گاوں کے دوسرے افراد سے جھگڑے کے دوران اسلحہ دیکر گولی چلوایا تھا۔اس میں گولی لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی تھی جبکہ دو افراد کو راہگیروں سے موبائل فون ، خواتین سے سونے کے چین اور دیگر زیورات چھیننے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ان پر پہلے سے بھی مقدمہ درج ہے اور یہ پہلے بھی جیل جا چکے ہیں۔
گزشتہ روز جمعرات کو ایس ایس پی آشیش بھارتی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرکے اسکی اطلاع دی ہے۔ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ گزشتہ 22 اگست کو کونچ تھانہ حلقہ میں سداما سنگھ نام کے شخص سے گاوں کے ایک دوسرے شخص کا زمین کے تنازع کو لے کر جھگڑا ہو گیا تھا۔گاؤں کے لوگوں کے ذریعے بیچ بچاؤ کر کے معاملے کو شانت کرایا گیا لیکن بعد میں سداما سنگھ نے اس شخص کو معاملے کو حل کرنے کے بہانہ سے بلایا اور پھر سداما سنگھ نے گھر سے اپنے غیر قانونی اسلحہ نکال کر ایک دوسرے شخص کو اسلحہ دیا اور اسے گولی مارنے کو کہا ۔