گیا: بہار کے ضلع گیا اور جھارکھنڈ کی سرحد سے کچھ دوری پر واقع ڈوبھی چیک پوسٹ ہے جہاں پر بڑی گاڑیوں کے کاغذات، گاڑیوں پر متعین لوڈ سے زیادہ لوڈنگ، گاڑی چالان سمیت دو نمبر کے سامانوں اور گاڑی پرمٹ ' یعنی کہ دوسری ریاستوں میں چلنے کے لیے اجازت نامہ' کی چیکنگ ہوتی ہے۔ یہ چیک پوسٹ قومی شاہراہ دو پر واقع ہے۔ ہر دن ہزاروں بڑی گاڑیاں گزرتی ہیں جن کی چیکنگ لازمی ہے تاہم فرضی طریقے سے گاڑی پاس کرانے کا یہاں پر ایک بڑا گروہ متحرک ہے جو یہاں تعینات سرکاری اہلکاروں سے مل کر ہر دن لاکھوں روپے وصولتے ہیں۔ اس سے سرکاری آمد کو بھی نقصان پہنچتا ہے کیونکہ یہ افراد گاڑی ڈرائیوروں سے پیسے لیکر گاڑی پاس کرادیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان گاڑیوں کا چالان، جرمانہ رسید' نہیں کٹ پاتی ہے۔
اس حوالے سے جب ایس ایس پی آشیش کمار بھارتی کو اطلاع ملی تو انہوں نے شیرگھاٹی ڈی ایس پی کو جانچ کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی ایس پی کی کارروائی میں ہوم گاڑد کے دو جوان، ایک چیک پوسٹ آپریٹر اور ایک دلال کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آپریٹر کے پاس سے اس کے بیٹھنے کی جگہ کے نیچے سے 6500 روپے برآمد ہوئے جو رسید کے پیسے نہیں تھے جب کہ رسید کے ایک لاکھ روپے سے زیادہ رقم برآمد ہوئی ہے۔