گیا میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کورونا سے بچاو کے لیے شہروں کی صفائی اور سینیٹائزیش کے کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ میئر گنیش پاسوان، ڈپٹی میئر موہن شریواستو میونسپل کارپوریشن کے اعلی حکام کے ساتھ سڑکوں پر صفائی و جراثیم کش ادویات کے چھڑکاو کرتے نظر آئے۔
گیا میونسپل کارپوریشن نے سینیٹائزیشن کا کام شروع کیا دراصل گزشتہ 17 اپریل کو ای ٹی وی بھارت اردو نے ایک خبر شائع کی تھی کہ 'شہر گیا میں کورونا کی دوسری لہر کافی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ تاہم گیا میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی و سینیٹائزیشن کا کام نہیں ہو رہا ہے، شائد کہ گزشتہ برس ڈپٹی میئر کو انتخاب لڑنا تھا اسی لیے وہ اور ان کی ٹیم مسلسل صفائی و سینیٹائزیشن کے کاموں میں لگی تھی۔ تاہم اس بار وہ دلچسپی نہیں لے رہے ہیں'۔ جس کے بعد آج جمعہ کو میونسپل کارپوریشن کی ٹیم ایک بار پھر سے سڑک پر اتری ہے، دکان، مکان، گلی اور نالوں میں دواؤں کا چھڑکاو کیا گیا۔
اس دوران میئر گنیش پاسوان نے کہا کہ گیا شہر میں تیزی سے کورونا نے پاؤں پھیلایا ہے۔ اس کی چین کو توڑ نے کے لیے صفائی و ستھرائی اور سینیٹائزیشن کا کام شروع کرنا بے حد ضروری تھا جس کے تحت آج سے کام شروع کردیا گیا ہے۔
جبکہ اس سلسلے میں ڈپٹی میئر موہن شریواستو نے کہا کہ یہ کام میونسپل کارپوریشن کے ہی ذمہ ہے۔ سینیٹائزیشن کا کام جاری تھا، لیکن وہ بڑے پیمانے پر نہیں ہورہا تھا۔ آج سے ہم نے بڑے پیمانے پر یہ کام شروع کیا ہے، اس کام کے لیے پچاس گاڑیوں کو لگایا گیا ہے۔ جو گلی ومحلوں کو سینیٹائز کریں گی۔
انہوں نے بی جے پی کے مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر پریم کمار اور جے ڈی یو کے ایم پی وجے کمار مانجھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ایسے حالات میں موجود نہیں ہیں، لوگوں کی مدد نہیں کررہے ہیں وہ ان کی مرضی ہے۔ تاہم میونسپل کارپوریشن اپنی ذمہ داریوں کو انجام دے رہا ہے۔ یہ سلسلہ مسلسل چلے گا جب تک کورونا کی لہر رکتی نہیں ہے۔
دراصل شہر میں تیزی کے ساتھ یہ بحث عام ہورہی تھی کہ گزشتہ برس کورونا کی پہلی لہر کے دوران میونسپل کارپوریشن شروع سے ہی سرگرم رہا تھا۔ تاہم اس بار جب کورونا نے خطرناک شکل اختیار کرلیا ہے، اس کے باوجود میونسپل کارپوریشن کی طرف سے بچاؤ و راحت کے کام انجام نہیں دئے جارہے ہیں لیکن اب میونسپل کارپوریشن نے باشندوں کی ناراضگی و مایوسی کو محسوس کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اس کام کا آغاز کردیا ہے۔