گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کے کِلکاری کے دو بچوں نے کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ ان میں ایک گیارہ برس تو دوسرا تیرہ برس کا ہے۔ یہ چمپئن شپ گذشتہ دنوں پاٹلی پترا اسپورٹس کمپلیکس پٹنہ میں بہار کراٹے اسپورٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔ ان بچوں نے ریاستی سطح کے کراٹے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ اب یہ بچے نومبر کے مہینے میں دہلی میں منعقد ہونے والے قومی کراٹے مقابلے میں حصہ لیں گے۔ اطلاع کے مطابق گیا کلکاری بال بھون کے 12 بچوں نے اس مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ اس میں دو گولڈ میڈلز کے علاوہ ایک سلور اور دو برانز میڈل بھی اپنے نام کیے ہیں۔
11 سالہ محمد عادل کے علاوہ 13 سالہ آدتیہ گوسوامی نے طلائی تمغہ جیتا جب کہ 12 سالہ اکانکشا پاٹھک نے فائٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ 14 سالہ سورج کمار نے فائٹ میں کانسہ کا تمغہ جیتا اور 16 سالہ ستیم کمار نے 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ بچوں کی اس کامیابی پر گیا کلکاری بال بھون میں خوشی کا ماحول ہے۔ میڈل جیتنے کے بعد گیا واپس آئے اب ان بچوں نے قومی مقابلے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
کراٹے کے انسٹرکٹر گووند کمار کلکاری بال بھون میں ان بچوں کو تیار کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں اور بچوں کو روزانہ دو سے تین گھنٹے ٹریننگ دے رہے ہیں۔ محمد عادل گذشتہ 1 سال سے تربیت لے رہا ہے جب کہ آدتیہ گوسوامی 4 سال کا تربیت یافتہ ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے محمد عادل نے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے کِلکاری بال بھون میں کراٹے کی تربیت لے رہا ہے اور یہ کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں تھا تاہم اس کامیابی کے بعد خوشی اور بہت اچھا احساس ہے۔ ہم صرف کراٹے میں کریئر بنانے کا سوچ رہے ہیں۔