گیا ضلع میں چہلم اور جن ماشٹمی کے پیش نظر انتظامیہ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں ، آج ڈی ایم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے میٹنگ کا جائزہ لیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ سبھی حساس مقامات پر گشت بڑھا دیں۔ گیا میں چہلم اور جن ماشٹمی کے موقع پر امن قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے مقصد سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سبھی سب ڈیویژن کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ڈی ایم نے میٹنگ کے دوران ہدایت دی کہ اس برس چہلم اور جن ماشٹمی ایک ہی دن یعنی کہ سات ستمبر کو ہے ۔ اس موقع پر ضلع میں امن و امان ہر حال میں برقرار رہے اس کو یقین بنایا جائے۔ انہوں نے تمام سب ڈویژنل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقے میں زونل آفیسر اور تھانہ انچارج کے ذریعے مکمل معلومات حاصل کریں کہ کہاں اور کیا پروگرام ہونے والا ہے۔ تمام حساس مقامات کا خود معائنہ کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے بھی جانکاری حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر گیا ضلع میں چہلم اور جن ماسٹمی کی تقریب بڑے پیمانے پر منعقد نہیں ہوتی ہے لیکن حساسیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ اس وجہ سے تمام حساس مقامات پر پولیس کی مسلسل گشت جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ سے جلوس نکالنے کی اطلاع ہے تو پہلے سے طے اصول و ضوابط پر عمل کرانے کو یقینی بنائیں ۔ جلوس کے راستے کا تعین ہر حال میں کیا جائے، لائسنس کے بغیر کوئی جلوس نہیں نکلے اور ساتھ ہی لائسنس میں درج تمام شرائط پر عمل کرایا جائے۔