گیا: ریاست بہار گیا میں انتظامیہ نے جمعۃ الوداع کے موقعے پر حفاظتی انتظامات پختہ کر لیے ہیں۔ ڈی ایم نے کہا کہ حساس علاقوں سمیت بڑی مساجد کے باہر پولیس گشت پر رہے گی اور شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ صحت کو بھی مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع کی تیاری ضلع بھر میں ہوگئی ہے۔ خاص طور ان مساجد اور عیدگاہوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں پر عیدالفطر کی نماز سے بھی زیادہ نمازیوں کی تعداد الوداع جمعہ کو ہوتی ہے، خاص طور پر شہر کے پیر منصور مسجد، جامع مسجد بنیاپوکھر مسجد سمیت تجارتی علاقوں کی مساجد جہاں پر الوداع جمعہ میں جگہ کم پڑجاتی ہے اور وہاں پر مسجد کے باہر سڑک اور گلیوں میں لوگ کھلے میں نماز ادا کرتے ہیں۔
مذکورہ بالا مقامات پر مسجد کمیٹیوں کی جانب سے چلچلاتی دھوپ سے نمازیوں کو بچانے کیلئے شامیانہ سمیت کولر پنکھا وغیرہ کا انتظام کیا ہے، حالانکہ کمیٹیوں کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ اپنے محلے وقریب کی مسجد میں ہی لوگ نماز اداکریں تاہم ہربرس کے نمازیوں کے کثیر تعداداکا خیال رکھتے ہوئے کمیٹیوں کی جانب سے انتظامات گژشتہ برسوں کی طرح ہی کیے گئے ہیں۔