گیا: گیا کے وارڈوں میں صفائی اہلکاروں کی کمی کے تعلق سے ای ٹی وی بھارت اُردو کی خبر کا اثر ہوا ہے ، کارپوریشن نے اپنے ماتحت وارڈوں کے لئے تین سو اہلکاروں کو یومیہ اجرت پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیا میونسپل کارپوریشن کے اُن وارڈوں میں جو آبادی کے لحاظ سے بڑے ہیں تاہم وہاں کارپوریشن کے صفائی اہلکاروں کی تعداد کم ہے ، اب وہاں اضافی صفائی اہلکاروں کی بحالی ہوگی، حالانکہ یہ آؤٹ سورسنگ کے ذریعے صفائی اہلکار لیے جائیں گے، لیکن بڑی اور خاص بات یہ ہے آج میونسپل کارپوریشن بورڈ کی نشست میں ای ٹی وی بھارت اُردو کی خبر کا اثر ہوا ہے۔
ای ٹی وی بھارت اُردو نے گزشتہ روز اہتمام کے ساتھ وارڈ 6 کے اقبال نگر ،وارث نگر میں صفائی ستھرائی کے خستہ حال نظام پر رپورٹ شائع کی تھی اور بتایا تھا کہ یہاں وارڈ میں 2600 سے زیادہ ہولڈنگ ٹیکس دہندگان ہیں جس میں صفائی اور کوڑا کچرا اٹھانے کا بھی ٹیکس شامل ہے ، باوجود کہ یہاں کوڑا کچرا اُٹھانے والے صفائی اہلکاروں کی تعداد صرف پانچ ہے ، آج ای ٹی وی بھارت اُردو کی خبر کا اثر یہ ہوا کہ کارپوریشن کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وارڈ چھ سمیت اُن سبھی وارڈ جو آبادی کے تناسب سے بڑے ہیں لیکن وہاں صفائی اہلکار کم ہیں اُن سبھی جگہوں کے لیے 300 صفائی اہلکار بحال کیے جائیں گے تاکہ بہتر ڈھنگ سے صفائی ستھرائی کا نظام بحال ہو ، میئر کی اس تجویز کو بورڈ نے منظور کر لیا ہے ، اب اگلے کچھ دنوں میں سبھی جگہوں پر صفائی ملازمین کو بحال کردیا جائے گا ،اقبال نگر وارڈ چھ کی مسلم خاتون کاؤنسلر نے اس حوالہ سے آواز اٹھاکر رپورٹ کا حوالہ بھی دیا تھا جس پر کمیٹی کے رکن اور سابق ڈپٹی میئر موہن شریواستو نے اُنہیں بتایا کہ اس حوالہ سے تجویز تیار ہے ، سلسلے وار طریقے سے ایجنڈوں پر بات ہوگی تو اس پر فیصلہ ہو جائے گا۔