ریاست بہار میں کئی مقامات پر رام نومی کے موقع پر فساد ہوا جس میں بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑاگ ہے۔ سب سے زیادہ نالندہ ضلع کے بہار شریف اور رہتاس ضلع کے سہسرام میں تشددکی وجہ سے نقصانات ہوئے ہیں ، اس فساد میں بہار کے بڑے اور قدیم اداروں میں ایک ' مدرسہ عزیزیہ ' کو نقصان ہوا ہے ۔کتابوں سے لیکر عمارت تک تباہ ہوئی ہیں حالانکہ اب حالات کچھ بہتر ہورہے ہیں لیکن اس دوران مدرسہ عزیزیہ کی گزشتہ دو ماہ قبل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جو فسادیوں شرپسندوں اور مدارس پرتلخ کلامی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے والوں کے لیے منھ پرطمانچہ رسید کرنے کے مترادف ہے۔
اس ویڈیو میں حب الوطنی کا نہ صرف پیغام ہے بلکہ ملک کی آزادی کی خاطر جان ومال کی قربانیاں پیش کرنے والے عظیم مجاہدین آزادی اور ہندوستانی فوج کے جوانوں کی قربانی کی عظیم داستاں کو یاد کرکے ان کی شان اور انکی عظمت میں گیت کے ذریعے اپنے احساسات وجذبات کا اظہار قومی پرچم ترنگا کے سامنے کیا جارہاہے ، اس ویڈیو میں مدرسہ کی طالبات کے ذریعے ' اے میرے وطن کے لوگوں ' جو شہید ہوئے ہیں انکی ذرا یاد کرو قربانی ' نغمہ پڑھا جارہاہے ، طالبات کے ساتھ انکے استاد اور کچھ معززین ہاتھ باندھے کھڑے ہیں، اس ویڈیو کے تعلق سے بتایا جارہاہے کہ 26جنوری 2023 یوم جمہوریہ کے موقع کی ہے جبکہ ایک اور دوسری ویڈیو بھی اسی نغمہ کو ایک طالبہ اپنی سریلی آواز میں گارہی ہے اور یہ ویڈیو اسوقت بتائی جارہی ہے جب مدرسہ عزیزیہ میں ' یونائیٹیڈ نیشن ' کی ٹیم گزشتہ برس فروری ماہ میں دورہ پر پہنچی تھی ، سوشل میڈیا سے لیکر بہار کے مختلف جگہوں پر اس ویڈیو کی خوب چرچا ہے ۔