رواں برس ضلع گیا کی فضا حاجیوں کی خوشبوں سے معطر ہوگی گیا: مرکزی حج کمیٹی نے نئی حج پالیسی 2023 کے تحت بہار کے عازمین حج کو بڑی سوغات دی ہے۔ نئی سوغات کے تحت اب ایک بار پھر سے بہار کے عازمین حج ضلع گیا کے ہوائی اڈہ سے مقدس سفر کے لئے پرواز کریں گے۔ اس سے قبل گیا ہوائی اڈہ سے سنہ 2012 سے 2019 تک مسلسل پرواز ہوتی رہیں تاہم سنہ 2019 کی آخری پرواز کے ساتھ ہی سلسلہ منقطع ہوگیا تھا۔ سنہ 2020 اور 2021 میں کورونا کی وجہ سے حج پرواز نہیں ہوسکی تھی۔ کورونا کے بعد سنہ 2022 میں سفرحج کے لیے کولکاتا سے بہار کے عازمین حج روانہ ہوئے تھے، جس میں عازمین حج کو بیجا مصارف کے ساتھ مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اب گیا ضلع کو امبارکیشن پوائنٹ بنانے کے قدم کا یہاں گیا کے رضاکاروں اور سماجی تنظیموں نے بھی مرکزی حج کمیٹی و مرکزی وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود کا شکریہ ادا کیا ہے۔ گیا شہر میں واقع عنایت کالونی میں سابق کوڈینیٹر 'حج گیا امبارکیشن پوائنٹ' کی رہائش گاہ پر درجنوں رضاکار پہنچے اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاکر مبارک باد پیش کی۔
اس دوران ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے رضاکاروں نے کہاکہ ہمارے لیے یہ جذباتی لمحہ ہوگا کیونکہ سبھی رضاکار عازمین حج کی بے لوث اور خلوص کی نیت سے خدمت کرتے ہیں ۔ جب یہاں سے پرواز کا سلسلہ بند ہوا تو سبھی مایوس ہوگئے تھے لیکن دوبارہ امبارکیشن پوائنٹ بحال ہونے سے رضاکاروں میں خوشی کا ماحول ہے، ایک بار پھر گیا اور ہوائی اڈے کی فضاء معطر اور خوشگوار ہوگی۔ سابق کوآرڈینیٹر موتی کریمی نے کہاکہ گیا کے رضاکار جس لگن محنت اور خلوص کے ساتھ خدمت کرتے ہیں ویسی مثال اور بہترین طریقہ بہت ہی کم جگہوں پر دیکھنے کوملتا ہے انہوں نے کہاکہ آج یہاں سبھی رضاکاروں نے جمع ہوکر یہ فیصلہ کیا ہے کہ پہلے سے بھی بہترین ڈھنگ سے سبھی کام بحسن خوبی انجام دیں گے ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ اگلے ہفتے سے فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اسلیے گیا ضلع کے صاحب استطاعت اس برس ہرحال میں سفر مقدس پر روانہ ہو۔
گیا رضاکار جب حج امبارکیشن پوائنٹ گیا میں دوبارہ بحال کرنے کی اطلاع سنی تو وہ جذباتی ہوگئے اور اس دوران انہوں نے مرکز میں نریندر مودی قیادت والی حکومت کا شکریہ ادا کرنے بغیر نہیں رہ پائے ، رضاکار شمیم اختر اور شاہد خان نے کہاکہ ہاں یہ حقیقت ہے کہ حج پالیسی کی مدت ختم ہونے کے بعد نئی پالیسی بنانے میں تاخیر کی گئی تاہم جب پالیسی آئی تو کچھ اچھے فیصلے ہوئے ہیں جس کا خیرمقدم ہونا چاہیے ، شمیم اختر نے کہا کہ اس مرتبہ 25امبارکیشن پوائنٹس بحال کرنا اچھا فیصلہ ہے گیا کے لیے خوشگوار ماحول ہے کیونکہ یہاں سے ایک بار پھر سروس بحال ہوگی ۔ گیا ہوائی اڈے سے سنہ 2002میں پہلی مرتبہ بی جے پی کی حکومت میں بہار کے عازمین حج کی پرواز کا آغاز ہوا تھا یہاں اس وقت کے سول ایویشن کے وزیر سید شاہنواز حسین نے باضابطہ گیا پہنچ کر اس کا افتتاح کیا تھا تاہم دو سالوں میں یہ سلسلہ بند ہوگیا جو بعد میں 2012 سے دوبارہ شروع ہوا لیکن 2019کے بعد سابق مرکزی وزیر اقلیتی فلاح مختار عباس نقوی نے 2019 میں ہی اگلے برس 2020 سے گیا امبارکیشن پوائنٹ بند کرنے کا اعلان کردیا، دو برسوں تک کورونا کی وجہ سے حج پرواز نہیں ہوئی گیا کی تاریخ یہ رہی ہے کہ یہاں حاجیوں کی خدمات کے لئے نہ صرف مسلمان پہنچتے ہیں بلکہ کئی رضاکار ہندو بھی ہوتے ہیں جو عازمین حج کی خدمت کرتے ہیں ساتھ ہی یہاں انتظامیہ اور پولیس کے جوان و افسران بھی خلوص دل سے کام کرتے ہیں ۔
گیا ہوائی اڈے پر تین سطح سے تیاری ہوتی ہے یہاں ایئر پورٹ پر ایئر پورٹ اتھارٹی کی جانب سے عازمین کے قیام کے لئے وسیع پنڈال بنایا جاتاہے جس میں قیام گاہ نماز گھر بورڈنگ کاونٹر ، علیحدہ غسل خانہ وضوخانہ بیت الخلا بنوائے جاتے ہیں جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کنٹرول روم ، انکوائری سینٹر سیکوریٹی اور دیگر انتظامات کیے جاتے ہیں جبکہ حج کمیٹی بہار اور گیا رضاکاروں کی جانب سے الگ انتظامات ہوتے ہیں۔ حج بھون بہار کے سی او راشد حسین نے بہار کے لئے بڑا قدم قرار دیا اور کہا کہ توقع ہے مزید تفصیلات حج فارم کے ساتھ جاری ہوجائیں گی ابھی فلحال اہم پوائنٹس جاری کیےگئے ہیں انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح ہے کہ بہار کا کوٹہ پر ہوجائے اسکے لئے بیداری وترغیبی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی بیداری مہم مکمل ہوچکی ہے جس میں اس مرتبہ حج پر جانے والے خواہش مند حضرات کو پاسپورٹ بنوانے میں مدد کی گئی ہےواضح رہے کہ بہار کا سنہ 2019تک قریب گیارہ ہزار کا کوٹہ تھا 2019میں 5200عازمین حج پرروانہ ہوئے تھے جبکہ 2022میں بہار صرف 1900عازمین حج کی سعادت سے مشرف ہوئے تھے ۔
یہ بھی پڑھیں :Hindu Muslim Unity is Must ملک سے نفرت کا خاتمہ ضروری، نوجوان ہندو مسلم اتحاد کیلئے کام کریں، عمیر خان