ریاست بہار کے ضلع گیا کے ایک ہوٹل میں اے ٹی ایس اور ضلع پولیس کی مشترکہ چھاپہ ماری میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق چاروں مشتبہ افراد کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔ گیا کے ایک ہوٹل میں کئی دنوں سے یہ مشتبہ افراد ٹھہرے ہوئے تھے۔
گیا: اے ٹی ایس اور پولیس کی مشترکہ چھاپہ ماری، چار مشتبہ افراد گرفتار وہیں گیا کے ایس ایس پی ادتیہ کمار نے چھاپے ماری کی تصدیق کی۔ نقلی نوٹ سمیت غیر ملکی کرنسی کے کافی تعداد میں ملنے کی بھی انہوں نے تصدیق کی ہے۔
پورے ہوٹل کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے رکھا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ صبح گیارہ بجے سے چھاپے ماری شروع ہوئی تھی۔ بہار اے ٹی ایس کی کئی ٹیموں سمیت دوسری ریاستوں کی پولیس کے آنے کی اطلاع ہے۔ ساتھ ہی بم ڈسپوزل یونٹ بھی موقع پر پہنچ چکا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ معاملہ ٹیرر فنڈنگ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ حراست میں لئے گئے افراد کے دوسرے اور ساتھیوں کے گیا میں ہونے کی اطلاع ہے، جس کے تحت ایک اور دوسرے ہوٹل میں بھی چھاپہ ماری کی گئی ہے۔
بہار پولیس کی قیادت کر رہے سٹی ایس پی راکیش کمار نے ہوٹل سے باہر نکلنے کے بعد زیادہ کچھ میڈیا کو جانکاری نہیں دی۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت اردو سے کہا کہ معاملہ بڑا ہے، اس لیے اعلیٰ افسران آنے والے ہیں۔ جانچ کے بعد ہی اعلیٰ افسر بیان دیں گے۔
جبکہ ہوٹل سے باہر نکلے بم ڈیفیوز دستہ کے ایک جوان نے بتایا کہ پکڑے گئے افراد کے پاس سے مشتبہ سامان بھی برآمد ہوئے ہیں، جس کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ ابتدائی جانچ پڑتال میں زیادہ کچھ نہیں پتہ چلا ہے۔