ریاست بہار کے گیا میں پھلگوندی پر ربڑ ڈیم بنانے کے منصوبے کا وزیراعلی نتیش کمار نے آج آن لائن سنگ بنیاد رکھا ہے ۔
اس ڈیم کی تعمیر کے بعد سال بھر یہاں پانی ملے گا جس سے نہ صرف پھلگوندی میں اپنے آباؤاجداد کی روح کی تسکین ونجات کے لئے آنے والے پنڈدانیوں کو پنڈدان کے لئے پانی ملے گا بلکہ اس سے آس پاس کے علاقوں میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا۔
گیاشہر کے لوگوں کو اس منصوبے کا طویل وقت سے انتظار تھا خاص طور سے وشنوپتھ مندر کے علاقے کے لوگوں کا برسوں سے مطالبہ تھا۔
یہ منصوبہ 266 کروڈ کی لاگت سے تین سالوں میں تیار ہوگا۔ اس ربڑ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ 'ماہرین سے وشنوپتھ مندر کے قریب ربڑ ڈیم بنانے کے لئے مشورہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربڑ ڈیم کی تشکیل کی وجہ سے پترپکچھ میلہ اور دیگر مواقع پر آنے والے زائرین کے لئے پانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔