بہار میں آج وزیراعظم نریندر مودی نے ایک انتخابی ریلی میں نتیش کمار کو ’دوست‘ کہا اور جلسہ میں شرکت کرنے والے ہجوم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’لوگوں کا جوش و خروش دیکھنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بہار میں دوبارہ این ڈی اے کی حکومت تشکیل ہوگی‘۔
اپوزیشن کی جانب سے لاک ڈاون کے دوران تارکین وطن کی صورتحال پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’کورونا وبا کے چلتے این ڈی اے حکومت نے غریبوں کی مدد کی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ہر کوئی این ڈی اے حکومت پر اعتماد کا اظہار کر رہا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انتخابات کے نتائج کیا ہوں گے‘۔
وزیراعظم نریندر مودی نے 15 سال قبل ریاست میں اغوا اور رنگداری کے واقعات کی یادہانی کراتے ہوئے کہاکہ آج خود کفیل بہار بنانے کے عزم کی محرک بہتر حکمرانی ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ ریاست کے لوگ اقتدار سے مفادات کی سیاست کرنے والوں کودور رکھ کر بہار کو بیمار ہونے سے بچائیں گے- انہوں نے نے بہار اسمبلی انتخاب کے لئے آج چار انتخابی اجلاسوں کی شروعات چھپرہ سے کرتے ہوئے کہاکہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) خودکفیل بہار کے جس عزم کو لیکر چلا ہے اس کا محرک سوشاسن ہے۔ آج بہارکا انفرا اسٹرکچر بہتر ہواہے اور امن کی فضا قائم ہوئی ہے۔ بہار کے گاﺅں بھی آج سڑک ، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ کام ڈیڑھ دہائی قبل ہوسکتا تھا اگر اس وقت کی حکومت کے پاس نیت اور قوت ارادی ہوتی۔