گیا: ریاست بہار میں پہلی بار ضلع گیا کے کسان زعفران کی کاشت کررہے ہیں ، ضلع کے ٹکاری علاقے میں تین سو زعفران کا بیج لگایا گیا ہے حالانکہ یہ آزمائش اور تجربہ کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔زعفران کی کاشت 3 سے 4 ماہ کی ہوتی ہے اور سرد علاقوں میں ہی زعفران کی کاشت ممکن ہے۔ گیا کے ٹکاری میں واقع گلریا چک میں کسان آشیش کمار نے اور ضلع کے کوٹھی علاقے میں محمد گلفام نے زعفران کو بویا ہے ، ایک ماہ کی کاشت ہوچکی ہے۔اب زعفران کے پھول نظرآنے لگے ہیں یعنی کہ پتیاں نکلنی شروع ہوگئی ہیں ۔ چونکہ زعفران کی کاشت کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ اسکی کاشت سرد علاقوں میں جہاں 10 ڈگری تک درجہ حرارت ہو وہاں ممکن ہے۔
موسم سرما میں اسکی کاشت ہوتی ہے۔بہار کا ضلع گیا سب سے سرد ضلعوں میں ایک ہے ۔یہاں دسمبر تا جنوری 10 ڈگری یا اسکے کچھ اوپر ہی درجہ حرارت ہوتی ہے۔ اس وجہ سے کسانوں نے اسے ٹرائل کے طور پر کیا ہے ۔ اگر نتائج بہتر ہوئے تو اگلے برس سے بڑے پیمانے پر کاشت ممکن ہے۔اسے دوسرے کسان بھی اپنا سکتے ہیں کیونکہ زعفران کی قیمت عام کاشت کی فصل کئی گنا مہنگی ہوتی ہے۔کسان آشیش کمار کہتے ہیں جموں اور کشمیر میں اسکی کاشت تو بڑے پیمانے پر ہوتی ہے ۔تاہم بہار میں یہ پہلا تجربہ ہوگا۔اس لیے ابھی یہ کہنا صحیح نہیں ہوگا کہ زعفران کی کاشت ان کے لیے کتنی فائدے مند ثابت ہوگی۔کم جگہ پر بھی اسکی کاشت میں کافی لاگت لگ چکی ہے۔اس کا بیج ہی مہنگا ہوتا ہے۔