اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی گرفت میں ہے اور ملک میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے۔ لاک ڈاؤن جس نے ہر طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ خاص کر مزدور طبقہ کے سامنے اس لاک ڈاؤن نے روزی روٹی کا مسئلہ پیدا کر دیا ہے۔ ایسے میں اگر کوئی ہاتھ مدد کے لئے آگے بڑھے تو یقیناً اسے اللہ کی جانب سے غیبی مدد ہی کہا جا سکتا ہے۔
دراصل ہم بات کر رہے ہیں کشن گنج ضلع میں واقع بہادرگنج اسمبلی حلقہ کے ان نوجوانوں کی جو مسلسل ضرورت مندوں تک امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔ یہ نوجوان ہیلپنگ ہینڈ تنظیم کے بینر تلے غریب، یتیم، بے سہارا اور ان مزدوروں کو کھانے پینے کی چیزیں مہیا کرا رہے ہیں، جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں قید ہیں۔
تنظیم کے صدر ریحان عالم نے کہا کہ ابھی تک 300 سے زائد لوگوں کی مدد کی جا چکی ہے، مہم جاری ہے اور آگے بھی مدد ہوتی رہے گی۔
انہوں نے کشن گنج اور بہادرگنج پولیس انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔ وہ کہتے ہیں کہ پولیس انتظامیہ کی مدد سے ہی یہ کام ممکن ہو پا رہا ہے۔