ریاست بہار میں سیلاب نے اب تک 10 اضلاع کے 3 ہزار سے زیادہ گاؤں کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ ریاست میں سیلاب سے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 10 افراد ہلاک جبکہ 8 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بہار کے 10 اضلاع سیتامڑھی، شیوہر، سپول، کشن گنج، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج، مغربی چمپارن، کھگڑیہ اور مشرقی چمپارن کے 55 بلاکس کی 300 پنچایتوں کے تقریبا 3 ہزار گاؤں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
بہار میں گنڈک اور کوسی سمیت متعدد ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ گنڈک خطرے کے نشان کو عبور کرچکا ہے۔ بہار کے 10 اضلاع کے 8 لاکھ سے زیادہ باشندے سیلاب سے متاثر ہیں۔ وہیں کھیتوں میں دھان اور مکئی کی فصلیں پوری طرح برباد ہوچکی ہیں۔ سیلاب سے کسانوں کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ کسانوں کا نقصان ان کی مویشیوں کی ہلاکت کی وجہ سے زیادہ ہوا ہے۔
ندیوں میں ہو رہے مسلسل کٹاؤ کے باعث متعدد سرکاری اسکولز کی عمارتیں بھی زمین بوس ہو گئی ہیں۔ وہیں مختلف دریاؤں کے کٹاؤ سے 15 سو سے زیادہ مکان زمین بوس ہو چکے ہیں۔ سطح آب میں اضافے کی وجہ سے دربھنگہ - سمستی پور ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی روک دی گئی ہے۔