گیا:گیا امبارکیشن سے بہار کے عازمین حج کو لیکر جانے والے اسپائس جیٹ ایئرویز کی طرف سے وقت اور فلائٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ گیا امبارکیشن سے جمعہ کو عازمین حج کا نواں قافلہ تلبیہ کی صداؤں کے ساتھ مکۃ المکرمہ کے لیے روانہ ہوا۔ سات جون سے ابھی تک ایک طیارہ سے پرواز ہورہی تھی تاہم سنیچر سے عازمین حج کی پرواز دو طیاروں سے ہوگی۔ جب کہ آخر کے دو دنوں تک تین طیاروں سے عازمین حج کی پرواز کا سلسلہ جاری رہے گا، عازمین حج کے طیاروں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ہی گیا ایئرپورٹ پر انتظامات کو بھی بڑھانے کا سلسلہ جاری کردیا گیا ہے، گیا ایئرپورٹ پر مزید اضافی طور پر پنڈال بنانے کا کام جمعہ کو دن بھر جاری رہا۔
ایئرپورٹ ڈائریکٹر بنکجیت ساہا نے بتایا کہ پہلے سے ایئرپورٹ پر عازمین حج کے قیام کے لیے پنڈال بنا ہوا تھا لیکن آخر کے پانچ دنوں تک دو اور تین طیاروں سے پرواز ہونے کے وجہ سے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر پنڈال کو مزید بڑھایا گیا ہے، مرد و خواتین کے لیے الگ الگ ایک اور پنڈال بنائے گئے ہیں تاکہ یہاں آنے والے عازمین حج کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے، انہوں نے بتایا کہ آخر کے پانچ دنوں میں طیاروں کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ طیاروں کی پرواز کے وقت میں زیادہ وقفہ نہیں ہے اس وجہ سے ایئرپورٹ پر عازمین اور ان کے رشتہ داروں کا بڑا ہجوم ہوگا۔ اس وجہ سے انتظامات مزید بڑھانا ضروری تھا۔ اب تک یہاں ایئرپورٹ کی طرف سے تمام انتظامات کو بہتر ڈھنگ سے انجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے 260 بیڈس کا انتظام تھا لیکن اب بڑھا کر چار سو بیڈ کا اضافی انتظام کر دیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو ٹھہرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہو۔