گیا:ریاست بہار کے حاجیوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔ پہلے مرحلے میں ان حاجیوں کی واپسی ہوگی جو کولکاتا امبارکیشن سے روانہ ہوئے تھے حج کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کولکاتا ہوائی اڈے پر بہتر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے حاجیوں کو واپسی پر بھی کوئی پریشانی نہیں ہو۔ بہار کے حاجیوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے آج رات کولکاتا ایئر پورٹ پر حاجیوں کا پہلا قافلہ پہنچاہے حالانکہ کولکاتا واپس آنے والے حاجیوں میں صرف چار حاجی بہار کے تھے۔ حج کمیٹی بہار کے چیئرمین عبدالحق نے بتایا کہ کولکاتا میں حجاج کرام کی آمد کے پیش نظر تمام تیاریاں بہار حج بھون کی جانب سے کرلی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح حجاج کرام کی روانگی کے وقت حج ہاؤس کولکاتا میں ان کے قیام کا نظم کیا گیا تھا اسی طرح واپسی میں بھی حجاج کرام کی سہولت کے لیے حج ہاؤس کولکاتا میں ان کے قیام کا مکمل نظم کیا گیا ہے۔ کولکاتا ایئر پورٹ پر بہار کے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ چار جولائی سے شروع ہوگیا ہے جب کہ گیا ہوائی اڈے پر واپسی کا سلسلہ اٹھارہ جولائی سے شروع ہوگا اور یہ سلسلہ یکم اگست تک جاری رہے گا۔