ریاست بہار کے ضلع گیا-پٹنہ روڈ کے چاکند کے قریب بارا میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جاری غیر معینہ احتجاج میں تین نوجوانوں نے فائرنگ کی۔
ضلع گیا کے بارا میں گزشتہ دو ماہ سے 'سنویدھان بچاؤ، دیش بچاؤ سنگھرش مورچہ' کی جانب سے پرامن احتجاج جاری ہے۔
بدھ کی رات کچھ شرپسندوں نے دھرنے پر بیٹھے مظاہرین پر حملہ کردیا، اچانک گولی چلنے سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور اسی احتجاج میں شامل کچھ نوجوانوں نے فائرنگ کرنے والوں کو پکڑ لیا، فائرنگ کرنے والوں کے پاس سے اسلحہ اور تین کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ان نوجوانوں کی شناخت جھارکھنڈ کے ضلع چترا کے پرتاپور تھانہ علاقہ کے لپٹا گاؤں کے کملیش یادو ، ضلع گیا کے خضرسرائے تھانہ علاقے کے تحت چیرولی گاؤں کے ہریونش ورما اور ضلع گیا کے پریا تھانہ علاقے کے پھروریہ کے ویرو کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی راکیش کمار سمیت بڑی تعداد میں پولیس پہنچی اور فائرنگ کرنے والے نوجوانوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔
فائرنگ کرنے والے تینوں نوجوان ایک آٹو کے ذریعہ ضلع گیا سے بارا چاکند پہنچے تھے۔