نالندہ:بہار شریف میں ہفتہ کی رات اور آج صبح تک وقفے وقفے سے فائرنگ ہوتی رہی۔ دیر رات کو ہونے والی فائرنگ میں دو نوجوانوں کو گولی لگ گئی جن میں سے ایک نوجوان کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے۔ پولیس لوگوں سے مسلسل امن برقرار رکھنے کی اپیل کر رہی ہے۔ رات بھر پولیس اہلکاروں نے فلیگ مارچ کیا اور مائیک کے ذریعے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ نالندہ میں حالات پر قابو پانے کے لیے کئی اضلاع کی پولیس کو طلب کیا گیا ہے۔ بہار شریف کے تین محلوں پہاڑ پورہ، خاس گنج اور گگن دیوان میں وقفے وقفے سے فائرنگ ہوتی رہی۔ شرپسند مذہبی مقام کے قریب کھڑے ہو کر فائرنگ کرتے رہے۔ جس کے جواب میں دوسری جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس فائرنگ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی ہے جبکہ دوسرا شخص زیر علاج ہے۔
انتظامیہ نے پورے بہار شریف میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے نالندہ میں 5 اضلاع کی پولیس کو طلب کیا گیا ہے۔ رات بھر ہوئی فائرنگ سے بہار شریف کے لوگ خوفزدہ ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے حساس علاقوں میں فسادات پر قابو پانے والی گاڑیوں اور جوانوں کو تعینات کر دیا ہے۔ پولیس ٹیم نے رات بھر حساس علاقوں میں چھاپے مارے۔ پولیس نے پہاڑ پورہ، خاس گنج اور گگن دیوان علاقوں سے 50 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔