پٹنہ: بہار کے پٹنہ جنکشن پر ڈسپلے بورڈ پر اچانک فحش ویڈیو چلائے جانے کے بعد اب آر پی ایف نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ آر پی ایف نے ایف آئی آر کی ایک کاپی جی آر پی کو بھیج دی ہے، تاکہ اس میں سائبر کرائم کے تمام سیکشنز کو شامل کرکے ضروری کارروائی کی جاسکے۔ پٹنہ جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر 10 پر جو فحش ویڈیو وائرل ہوا ہے وہ دن کے وقت کا ہے۔ اس واقعے سے متعلق جو ویڈیو وائرل ہوا ہے وہ دن میں 9:56 سے 9:59 کے درمیان تقریباً 3 منٹ کا ہے۔
مسافروں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا: اس ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ خواتین مسافر کافی بے چین نظر آرہی ہیں جب کہ ڈسپلے اسکرین پر فحش ویڈیوز چلائی جارہی ہیں۔ اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود افراد کے لیے یہ افسوسناک لمحہ تھا،اس واقعہ کے بعد سے ریلوے کے نظام پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔ دراصل یہ سب سائبر مجرموں نے پٹنہ جنکشن کے اشتہاری ڈسپلے بورڈ کو ہیک کرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ اس واقعہ کے بعد اسٹیشن پر موجود مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ گھر والوں کے ساتھ بیٹھے لوگ ادھر ادھر منہ پھیرنے لگے اور پریشان ہو گئے۔