موب لنچنگ کے بڑھتے واقعات نے ایک بار پھر لوگوں کو دہشت میں ڈال دیا ہے۔ خطہ سیمانچل میں آئے دن اس طرح کے واقعات نے نتیش حکومت کی اچھی حکمرانی کے دعوے کی جہاں پول کھول کر رکھ دی ہے وہیں ایک بار پھر سے پولس انتظامیہ پر سوال کھڑے ہونے لگے ہیں۔
تازہ معاملہ ریاست بہار کے ضلع ارریہ پھلکاہا تھانہ کے مانک پور پنچایت واقع بھوانی پور گاؤں میں پیش آیا ہے جہاں دیر شب مویشی چور بتا کر گاؤں والوں نے ایک نوجوان شخص Old Man Lynched on Suspicion of Cattle Theftکو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول محمد شمشاد عمر 45 سال کی شناخت ارریہ سے متصل ضلع سپول بلوا تھانہ حلقہ کے کشہر گاؤں کے طور پر ہوئی ہے۔
خبر ملتے ہی پھلکاہا تھانہ پولس جائے واردات پر پہنچی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ارریہ صدر اسپتال بھیج دیا۔ واقعہ کے بعد سے علاقے میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔
گاؤں والوں کا دعویٰ ہے کہ گاؤں کے رہنے والے سنیچر کو دو مویشیوں کو مبینہ طور چوری کر کے لے جا رہے تھے۔ اسی درمیان نیند کھلنے پر مویشیوں کے مالک نے شور مچانا شروع کر دیا۔ ہنگامہ ہوتے ہی سینکڑوں گاؤں والے پہنچ گئے۔ گاؤں والوں کے مطابق وہ ایک سے زیادہ تھے جن کا گاؤں والوں نے پیچھا کیا جس میں سے ایک کو پکڑ لیا گیا۔ باقی بھاگنے میں کامیاب رہے۔
اس کے بعد مشتعل گاؤں والے محمد شمشاد پر ٹوٹ پڑے اور جم کر مار پیٹ کی جس سے شمشاد بری طرح زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہیں پر دم توڑ دیا۔ مذکورہ واقعے کے بعد گاؤں والوں نے پولس کو اطلاع دی۔ پولس کے پہنچنے کے بعد گاؤں والے وہاں سے ہٹ گئے۔
مزید پڑھیں:بہار میں ایک اور ماب لنچنگ، بھیڑ نے ارجن کو ہلاک کردیا
یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب لوگ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیکر لوگوں کی موب لنچنگ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ارریہ میں اس طرح کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں مگر پولس انتظامیہ سے بے خوف ہو چکے عوام قانون کو اپنے ہاتھوں میں لے کر اتنے سنگین جرائم آرام سے کر کے بچ جا رہے ہیں۔