گیا: شہر گیا میں تاریخی اور قدیم مساجد میں ایک جامع مسجد ہے، مسجد کے نام سے کروڑوں کی املاک وقف ہے تاہم اب اسکی آمدنی کا بہترین استعمال ہو رہا ہے۔ جامع مسجدکمیٹی نے قریب ڈیڑھ برس قبل ایک ایسا تاریخی فیصلہ لیاتھا جسکی ستائش اور پذیرائی اسوقت تو خاطر خواہ مسلمانوں کے درمیان نہیں ہوئی البتہ اب اس فیصلے کا مثبت نتیجہ نکلنا شروع ہوا تو مسجد کمیٹی کی ستائش ہورہی ہے اور جامع مسجد ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ دراصل کورونا وبا کے بعد مسجد کمیٹی نے قوم کے نہالوں کے مستقبل سنوارنے کی غرض سے مدرسہ مکتب کھولنے کی سوچ کے دائرے سے باہر نکل کر بی پی ایس سی کوچنگ سینٹر قائم کیا تھا اور اس امید اور عزم کے ساتھ کہ قوم کے نونہالوں کا مستقبل سنوارا جائے اور اُنہیں اس طرح تیار کرایا جائے کہ وہ کسی بھی مقابلہ جاتی امتحانات میں شریک ہوں تو وہ کامیاب ہوں۔
جامع مسجد کمیٹی کی اس مثبت پہل کے نتائج بھی برآمد ہونے لگے ہیں اور کمیٹی کے افراد کے حوصلے اسوقت مزید بلند ہوگئے جب گزشتہ دنوں بی پی ایس سی کے ذریعے کرائے گئے ٹیچر امتحان میں جامع مسجد بی پی ایس سی کوچنگ سے تیاری کرنے والے 15 لڑکے و لڑکیوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، شہر کے سرائے روڈ پر واقع جامع مسجد بی پی ایس سی کوچنگ ہے جہاں پر بی پی ایس سی کی تیاری کرائی جاتی ہے ، یہاں سے پڑھنے والے پندرہ اسٹوڈنٹس ٹیچر بنے ہیں جو اب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے۔ ان سبھی 15 کو گزشتہ کل جمعرات کو تقرری نامہ دیا گیا ہے حالانکہ ابھی جامع مسجد کوچنگ سینٹر کو بی پی ایس سی امتحان میں کامیابی نہیں ملی ہے اور یہاں سے تیاری کرنے والے اسٹوڈنٹس نے بی پی سی امتحان کو کریک نہیں کیا ہے لیکن اس کوچنگ سینٹر کی تیاریوں کا فائدہ ان اسٹوڈنٹس کو ضرور ملا ہے جنہوں نے ٹیچر امتحان میں شرکت کی تھی۔ جامع مسجد بی پی ایس سی کوچنگ سینٹر سے اساتذہ بھرتی امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں میں محمد تنویر، شکیب انصاری، عمران عالم، محمد علی جوہر، شگفتہ راحت، رافعہ پروین، رفعت نعیم، رونق ضیا، محمد شاکر، وصی اللہ، آصفہ خاتون، شازیہ پروین، محمد ارشد، محمد ابوالحیات، ناہید پروین کے نام شامل ہیں جنہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہیں۔
جامع مسجد بی پی ایس سی کوچنگ سینٹر کے کوڈینیٹر حسرت اعجاز نے بتایا کہ اس امتحان میں کلاس ایک سے کلاس پانچ تک کے طلباء کو پڑھانے کے لئے یہاں کے گیارہ اسٹوڈنٹس نے کامیابی حاصل کی ہے ،جبکہ کلاس نو سے کلاس دس تک کے لئے تین اساتذہ بنے ہیں اور کلاس 11-12 کے لئے ایک نے کامیابی حاصل کی ہے،خاص بات یہ ہے کہ کامیاب امیدواروں میں سے 7 بیٹیاں ہیں۔انہوں نے اس نتیجے کو کوچنگ کے لیے ایک بڑی کامیابی بتایا اور کہا کہ استاد بننے کے لیے بی پی ایس سی کے سخت امتحان سے گزرنا پڑا ہے چونکہ جامع مسجد کے یہ سبھی امیدواروں نے پہلے سے بی پی ایس سی لیول کی تیاری کی تھی ،اس وجہ سے آسانی سے اسکو یہاں کے طلباء نے کریک کیا ہے حالانکہ یہ آسان امتحان نہیں تھا ، پہلی بار بہار میں بی پی ایس سی کو حکومت نے ٹیچر بحالی کے لیے امتحان اور دیگر کاروائی کی زمہ داری سونپی ہے ، یہ امتحان انتہائی سخت ترین تھا جس میں کامیابی حاصل کرنا ایک اچھی تیاری وجہ بنی ہے۔